فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شدید گرمی کے باعث فیسکو کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اُٹھے’ مدینہ ٹائون بالخصوص سعید کالونی میں گزشتہ رات سے بجلی بند ہونے سے اہل علاقہ کو شدید اذیت کا شکار’ فیسکو حکام کو بار بار شکایات کرنے کے باوجود تاحال سعید کالونی اور گردونواح کی بجلی بحال نہ ہو سکی۔ تفصیل کے مطابق فیسکو حکام کی نااہلی اور عدم توجہ کے باعث فیصل آباد میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری’ شدید گرمی اور لو چلنے کے باعث شہری گرمی سے بلبلا اُٹھے’ فیصل آباد کے مختلف علاقوں سمیت مدینہ ٹائون اور بالخصوص سعید کالونی اور گرد ونواح میں رات سے بجلی بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بار بار بجلی کی بندش اور جھٹکے لگنے اور وولٹیج کی کمی کے باعث الیکٹرونکس کی اشیاء بھی خراب ہو گئیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ فیسکو عوام کو بھاری بھر کم بجلی کے بل بھجوا رہا ہے لیکن اپنے سسٹم کو درست کرنے سے گریزاں ہے اور بار بار شکایات کرنے کے باوجود فیسکو کا عملہ نہ پہنچ سکا اور فیسکو سب ڈویژن کے فون بھی خاموش ہو گئے۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے۔




