فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سوشل میڈیا کے آزادانہ استعمال سے کم عمر بچیوں کی آبرو ریزی’ اغواء کے واقعات میں ہوشربا اضافہ’ آج پھر اوباش افراد کی دو لڑکیوں سے زیادتی’ ماں کو دو بچوں’ دو کزنوں سمیت درجن بھر خواتین کو اغواء کر لیا گیا جبکہ کورٹ میرج کی شرح بھی بڑھ گیا’ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی کم عمر بچیوں کو موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دیں تاکہ اغواء وزیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پایا جا سکے۔ تفصیل کے مطابق تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ 230 رب کے رہائشی فضل عباس کا کہنا ہے کہ محلہ کے اوباش نوجوان ظہیر نے اسکی کم سن بیٹی (د) کو موبائل فون پر فحش ویڈیو دکھا کر ہوس کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جبکہ رضاآباد کے علاقہ 119 ج ب کے اعجاز نے بتایا کہ اسکی پھوپھی زاد کزن (ن) ہمسائے کے گھر برتن لینے گئی تو ملزم اشرف نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا’ تھانہ کُر کے علاقہ 595 گ ب کے نعیم اکرم کا کہنا ہے کہ اس کی اہلیہ (ش)’ دو بچوں 4سالہ عثمان اور 8ماہ کے بیٹے سعد کو اغواء کر لیا گیا’ کھرڑیانوالہ کے علاقہ 266 رب کے رہائشی شہباز احمد نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اوباش ملزم عبدالستار وغیرہ نے اسکی 14سالہ بیٹی (ل) اور 13سالہ بھانجی (ف) کو سبز باغ دکھا کر اغواء کر لیا’ غلام محمد آباد کے علاقہ اسماعیل سٹی کے دلشاد علی کی 16سالہ بھتیجی (ر) کو نامعلوم ملزمان’ مدینہ ٹائون کے علاقہ ہلال سٹریٹ کے ممتاز حسین کی جواں سالہ بیٹی (ع) کو نامعلوم ملزمان’ نشاط آباد کے علاقہ سٹی ہائوسنگ کے ظفر مسیح کی بیٹی (ک) کو ملزمان آکاش وغیرہ’ نشاط آباد کے علاقہ 8 ج ب کے شاہد کی بیٹی (ع) کو نامعلوم ملزمان’ملت ٹائون کے علاقہ شمس آباد کے رہائشی طارق کی اہلیہ (ن) بازار گئی واپس نہ آئی’ چک جھمرہ کے علاقہ 189 رب کے وارث کی بیٹی (ص) کو ملزم احسان وغیرہ’ ساندل بار کے علاقہ 57 ج ب کے یونس مسیح کی 22 سالہ بیٹی (ر) کو ملزمان رزاق وغیرہ’ ڈجکوٹ کے علاقہ 257 رب کے توصیف کی اہلیہ کو سبز باغ دکھا کر ملزم بلال وغیرہ نے اغواء کر لیا’ سٹی سمندری کے علاقہ عبداﷲ کی 25سالہ ہمشیرہ ٹیچر (ل) لاہور انٹرنیشنل سکول تنخواہ لینے گئی تو واپس نہ آئی اور سٹی سمندری کے علاقہ 468 گ ب کی شاہدہ پروین نے بتایا کہ اسکی جواں سالہ بیٹی (ق) کو بازار جاتے ہوئے نامعلوم ملزمان نے اغواء کر لیا’ پولیس نے مغویان کی بازیابی کیلئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔




