سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی،13ہزار پوائنٹس کی کمی

کراچی(بیوروچیف) ایران جنگ کے سٹاک مارکیٹس پر اثرات واضح نظر آنے لگے ہیں، پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران شدید منفی رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھنے میں آئی۔ٹریڈنگ کے دوران 9780پوائنٹس کی کمی کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 47ہزار 715پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، جس کے بعد سٹاک ایکسچینج میں کاروبار ایک گھنٹے کیلئے عارضی طور پر روک دیا گیا۔دوران کاروبار شروع ہونے پر مندی کا سلسلہ برقرار رہا، سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 13ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 44ہزار 119پوائنٹس کی سلطح پر آ گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر انڈیکس ایک لاکھ 57ہزار 496پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب مشرق وسطی میں بڑھتی کشیدگی پر ایشین سٹاک مارکیٹس بھی مندی کا شکار ہیں۔جاپان کی سٹاک مارکیٹ انڈیکس نکئی میں تقریباً 7فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس بھی تقریباً 7فیصد تک گر گیا، جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں بھی ڈھائی فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ ہوئی، بھارت کا نفٹی انڈیکس بھی 3فیصد تک گر گیا۔اس کے علاوہ خبر ایجنسی کے مطابق جرمنی، برطانیہ اور یورو سٹاکس میں بھی ایک فیصد سے زائد گراوٹ ریکارڈ کی گئی، امریکی سٹاک مارکیٹ میں بھی مجموعی طور پر ایک فیصد کی مندی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں