سکیورٹی فورسز کی خوراک کیخلاف کارروائیاں تیز’ مزید 21 ہلاک

راولپنڈی(بیوروچیف) سکیورٹی فورسز نے میران شاہ و گرد و نواح میں انٹیلی جنس معلومات پر کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 21دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔پاک فوج کے شعب تعلقاتِ عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے تسلسل میں خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور گرد و نواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔گزشتہ 72گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلوں میں بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 21خوارج ہلاک کر دیے گئے، جن میں چار اہم سرغنہ خالد رضا عرف سالار، مفتون، موسی اور عمران عرف ایان بھی شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے یہ سرغنہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھے، ان کامیاب اور انتہائی مہارت سے انجام دی گئی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 48خوارج ہلاک کیے جا چکے ہیں، جس سے علاقے میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ان ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، یہ عناصر مختلف دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں