سکیورٹی کے فول پروف انتظامات،عاشورہ محرم پُر امن رہا

لاہور /اسلام آباد /ملتان /کراچی (بیورو چیف) نواسہ رسول حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاکستان بھر میں یوم عاشورہ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا اور ملک بھر میں نکالے گئے ماتمی جلوس پرامن طور پر اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور سہولیات کے جامع انتظامات نے عزاداری کے عمل کو محفوظ اور منظم بنایا۔لاہور میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس نثار حویلی، اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کے شرکاء نے رنگ محل چوک پر نماز ظہرین ادا کی۔جلوس کے راستوں پر شربت، دودھ کی سبیلیں اور لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا تھا۔سیکیورٹی کے لیے 1600سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی گئی جبکہ چھتوں پر سنائپرز اور داخلی راستوں پر پانچ مقامات پر تلاشی کے سخت انتظامات کیے گئے۔لاہور میں 15 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں اور ٹریفک پولیس کی اضافی نفری نے فرائض سرانجام دیے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر صوبائی وزرا نے کربلا گامے شاہ کا دورہ کر کے سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔ملتان میں یوم عاشورہ کے موقع پر 116 جلوس برآمد ہوئے، جن میں قدیمی استاد و شاگرد کے تعزیوں کے جلوس حرم گیٹ چوک پر اختتام پذیر ہوئے۔شہر میں سیکیورٹی کے جامع انتظامات کے ساتھ عزاداری پرامن رہی۔سیالکوٹ میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربتول، اڈہ پسروریاں پہنچ کر اور قدیمی جلوس امام بارگاہ مستری عبداللہ، امام صاحب چوک پر اختتام پذیر ہوا۔سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت جلوسوں کی نگرانی کی گئی۔بہاولپور میں 112ماتمی جلوس برآمد ہوئے، جو قدیمی امام بارگاہ کربلا چوک پر اختتام پذیر ہوئے۔ 2700سے زائد پولیس اہلکاروں اور رضاکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔قصور میں امام بارگاہ سادات منزل سے شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس برآمد ہوا اور امام بارگاہ حسینیہ کوٹ رکندین خاں میں اختتام پذیر ہوا۔سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور عزاداروں کے لیے سہولیات کا اہتمام کیا گیا۔جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا 100سالہ قدیمی جلوس ٹبی امام کربلا پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔سٹی اور گردونواح سے برآمد ہونے والے 54 دیگر جلوس بھی اسی مقام پر ختم ہوئے۔سرگودھا میں مرکزی جلوس امام بارگاہ کربلا منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔رینجرز، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے مکمل فرائض سرانجام دیے۔حسن ابدال میں یوم عاشورہ کا مرکزی ماتمی جلوس صبح 11 بجے امام بارگاہ حسینیہ پنجہ بازار سے برآمد ہوا اور مل پیراں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔کراچی میں 10 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی گئی۔حیدرآباد میں مرکزی جلوس انجمن حیدری کے زیر اہتمام قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہوا اور کوہ نور چوک، اسٹیشن روڈ اور سینٹ میری چوک سے ہوتا ہوا کربلا دادن شاہ پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس میں 25 سے زائد ماتمی انجمنیں شریک تھیں اور شرکاء نے سینٹ میری چوک پر نماز ظہرین ادا کی۔گھوٹکی کے ڈھرکی حسینی امام بارگاہ سے برآمد ہونے والا مرکزی ماتمی جلوس حیدری امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔پشاور میں یوم عاشورہ کے تمام جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے۔آخری جلوس امام بارگاہ حیدر شاہ سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسی امام بارگاہ پر ختم ہوا۔لکی مروت میں محرم الحرام کا واحد جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بخاری شاہ میں اختتام پذیر ہوا۔مرکزی کنٹرول روم سے مسلسل نگرانی کی گئی اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔نوشہرہ میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔عزاداروں نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر یوم عاشورہ کے لیے تاریخ کے سب سے بڑے انتظامات کیے گئے، جن میں سیکیورٹی، صفائی، ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیلیں، لنگر اور سخت سیکیورٹی انتظامات شامل ہیں۔انہوں نے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے پولیس اور دیگر اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔یوم عاشورہ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات، سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون سے نگرانی، اور عزاداروں کے لیے سہولیات کے انتظامات نے جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا۔شام غریباں کی مجالس مختلف شہروں میں منعقد ہوئیں، جہاں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔دریں ثنائفیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر یوم عاشور کیلئے انتظامات مکمل ۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سنکدر حیات کا گھنٹہ گھر چوک پر مرکزی جلوس کیلئے سیکورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر فیصل آباد مریم خان اور آرپی او ذیشان اصغر ہمراہ تھے ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کمشنر اور آرپی او کے ہمراہ عزاداروں سے بھی ملاقات کی ۔ سبیل کا بھی معائنہ کیا اور شربت پی کر معیار چیک کیا ۔ فوڈ اتھارٹی کو پانی اور شربت کی مسلسل ٹیسٹنگ کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے مرکزی امام بارگاہ شبیریہ کا بھی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر، سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ لائسنسدران، منتظمین مجالس اور امن کمیٹی ممبران نے انتظامات کو سراہا ۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے پر امن محرم الحرام کیلئے مثالی انتظامات کیئے ہیں۔ ڈویژنل اور اضلاع کی انتظامیہ کے افسران یوم عاشور پر فیلڈ میں موجود رہیں۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے پر امن عاشورہ کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے ڈی سی دفتر میں قائم کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا۔ کمشنر فیصل آباد مریم خان نے کہا کہ عاشورہ محرم کے لئے ڈویژن میں سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں، ڈویژنل، ضلعی سطح کے افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے۔دریں ثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں یوم عاشور عقیدت واحترام و مذہبی جوش وخروش سے منایاگیا، اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے، یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عزاخانہ شبیر جعفریہ ٹرسٹ دھوبی گھاٹ سے برآمد ہوا، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کمشنر مریم خان’ آر پی او ذیشان اصغر’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کے ہمراہ جلوسوں کی نگرانی کی اور بہترین انتظامات کرنے پر ضلعی پولیس اور انتظامیہ کو شاباش دی۔ یوم عاشور دس محرم الحرام پر مجموعی طور پر 25مجالس اور 153جلوس برآمد ہوئے، مرکزی جلوس امام بارگاہ عزاء خانہ شبیر جعفریہ ٹرسٹ دھوبی گھاٹ گرائونڈ سے برآمد ہوا جو کہ اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار پہنچا، عزادار زنجیرزنی اور ماتم کرتے رہے۔ ماتمی جلوسوں میں شامل افراد نے امین پور بازار گول میں نماز ظہرین ادا کی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والے جلوس اپنے روائتی راستوں سے ہوتے ہوئے چوک گھنٹہ گھر پہنچ کر مرکزی جلوس میں شامل ہو گئے، اس موقع پر شہریوں کی جانب سے جلوسوں کے راستوں پر ٹھنڈے مشروبات اور لنگر حسینی تقسیم کیا گیا۔ چوک گھنٹہ گھر میں علامہ ماجد رضا عابدی نے خطاب کرتے ہوئے شہادت امام حسین علیہ السلام اور اہلبیت کے فضائل ومصائب بیان کئے۔ ضلعی پولیس کی جانب سے جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرتے ہوئے چھتوں پر سنائپر بھی تعینات کئے گئے تھے۔ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت بھی تمام جلوس کی نگرانی کی گئی، پاک فوج کے جوانوں نے بھی فرائض سرانجام دیئے جبکہ یوم عاشور پر ضلع فیصل آباد میں سکیورٹی ڈیوٹی پر 5ایس پی’ 28ڈی ایس پی’ 20انسپکٹرز’ 147سب انسپکٹرز’ 459اے ایس آئی اور 4ہزار سے زائد جوانوں نے فرائض سرانجام دیئے جبکہ جلوسوں میں شامل ہونے والے افراد کی میٹل ڈیٹکٹر سے تلاشی لی جاتی رہی۔ جلوسوں کے راستوں پر کنٹینرز’ ٹریکٹر ٹرالی’ مزدا ٹرک لگا کر سڑکوں کو بند کر دیا تھا۔ صرف پیدل چلنے والوں کو راستہ دیا گیا، شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے سی ٹی او فرحان اسلم کی طرف سے متبادل ٹریفک پلان جاری کیا گیا۔ پاک فوج کے جوان بھی جلوسوں کی نگرانی کرتے رہے جبکہ ایف ڈبلیو ایم سی’ MCF’ فیسکو’ سوئی گیس’ ریسکیو1122′ محکمہ صحت اور دیگر محکموں کی ٹیمیں متحرک رہی۔ جلوسوں کے راستوں کی صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کئے گئے، میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی طرف سے جلوسوں کے راستوں پر سٹریٹ لائٹس کے علاوہ اضافی لائٹس لگائی گئیں تھیں۔ محکمہ صحت اور ریسکیو1122 کی ٹیموں نے زنجیر زنی کرنے والے عزاداروں کو طبی امداد فراہم کرتے رہے۔ 12سال بعد دیگر اضلاع کی طرح فیصل آباد میں بھی یوم عاشور کے موقع پر موبائل سروس اور انٹرنیٹ سروس بحال رہی۔ ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی ٹیمیں بھی جلوس کے ہمراہ رہیں۔ کمشنر مریم خان اور آر پی او ذیشان اصغر نے ڈویژن بھر جبکہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے ضلع بھر کے دورے کر کے جلوسوں کی نگرانی کرتے رہے۔ وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے چوک گھنٹہ گھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاشورہ محرم کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات کرنے اور شہر کو امن کا گہوارہ بنانے پر ضلعی پولیس’ ضلعی انتظامیہ’ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام’ مشائخ عظام’ امن کمیٹیوں کے ممبران کو شاباش دی۔ بعدازاں جلوس اپنے اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے واپسی امام بارگاہوں میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے جہاں پر شام غریباں کی مجالس منعقد کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں