3

سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں،مریم نواز

لاہور (بیوروچیف) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے پر امن انعقاد کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹرائی باڈر ایریا میں سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ چیمپیئنز ٹرافی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔اجلاس کے دوران عوام کے تحفظ کے جان کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ چیمپینز ٹرافی کے پرامن انعقاد کیلئے جامع سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی اور لائوڈ سپیکر کے منفی استعمال کو روکنے کیلئے موثر اقدامات اور واہگہ بارڈر روڈ کو سٹیٹ آف آرٹ ٹورازم کوریڈور بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ایونٹ کی سیکیورٹی کیلئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں اور کرکٹ ٹیموں کی حفاظت کیلئے بہترین سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں گے۔وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ادارے یکجا ہیں اور دفاعی نہیں پیشگی اقدامات ضروری ہیں، شرپسند عناصر پر قابو پایا جائے اور انکے ٹھکانے ختم کیے جائیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی کے فورم کو مزید مفید اور موثر بنانا چاہتے ہیں، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیاں قائم اور فنکشنل کردی گئی ہیں، شرپسندوں اور دہشتگردوں کیلئے صوبہ میں کوئی جگہ نہیں، پرتشدد ہجوم کیلئے خصوصی فورس کو بہترین ٹریننگ اور حفاظتی آلات دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت میں آئے تو اس وقت ڈیفالٹ کی بات کی جارہی تھی لیکن اب معاشی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے، سیکیورٹی اور سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، پاکستان بلند معاشی پرواز کیلئے ٹیک آف کر رہا ہے، ہم نے مہنگائی پر قابو پایا جو مشکل کام تھا، روٹی اور دیگر اشیا کے نرخ کنٹرول کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں