سیرت امام حسین علیہ السلام سب کیلئے مشعل راہ ہے

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر)امام بارگاہ العصر درعباس پیپلزکالونی نمبر 2 حسینیہ چوک میں شہادت حضرت امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے چالیسویںسالانہ مجلس عزاء منعقد ہوئی ۔ماتمی جلوس حسینیہ چوک سے غوثیہ چوک کا چکر لگاتے ہوئے حسینیہ چوک پہنچ کر پر امن اختتام پذیر ہوا ۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات تھے ۔مجلس عزاء سے علامہ دلاور حسین الحسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام نے اور آپ کے جانثار ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے دین اسلام کا پرچم ہمیشہ کے لئے بلند کر دیا ۔سیرت امام حسین علیہ السلام ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے ۔سید الشہداء کی مبارک ذات دیگر ہزاروں اوصاف و کمالات کے ساتھ کرم نوازی کے وصف سے بھی موصوف تھی یہاں تک کہ میدان کربلا میںجب دشمن آپکی اور اپنے خاندان کی جان لینے کو تلا ہوا تھا اس وقت بھی آپ کے کردار میں کرم نوازی تھی ۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے راحت دنیا پر ٹھوکر مار تے ہوئے راہ حق میں پہنچنے والی مصیبتوں کا خوش دلی سے قبول کیا اور اس قدر آفتوں اور مصائب کے باوجود یزید جیسے فاسق شخص کی بعیت نہ کرکے دین اسلام پر آنچ نہ آنے دی ۔ کربلا والوںکا اسلام کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنا رہتی دنیا کے مسلمانوں کے لئے بڑی کرم نوازی تھی ۔مجلس عزا کے اختتام پر شبہیہ ذوالجناح برآمد ہوئی اور جلوس اپنے مقررہ راستوں پر ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا ۔منتظمین بانی سید محمد باقر نقوی صدر سید جعفر نقوی اور جنرل سیکرٹری بلال نقوی ،ذوالفقار علی، ضیاء القمر، توقیر حیدر نقوی، محسن نقوی، عاشر عباس و دیگرنے سیکورٹی اداروں تھانہ بٹالہ کالونی کے اہلکاروں اور اہل علاقہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوںنے مسلسل آٹھ گھنٹے احسن انداز میں ڈیوٹیاں انجام دیتے ہوئے پر امن فضاء کو قائم رکھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں