سینئرز سے سیکھنے کیساتھ فٹنس اور ڈائٹ پر خاص توجہ دیتا ہوں’ ابتسام اظہر

لاہور (سپورٹس نیوز) سابق پاکستانی کرکٹر اظہر علی کے بڑے صاحبزادے ابتسام اظہر اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کرکٹ میں اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام کے میزبان نے اظہر علی کے گھر جاکر ان کے تینوں بیٹوں ابتسام اظہر، اذلان اظہر اور آذان اظہر سے بھی بات چیت کی۔ابتسام اظہر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے حالیہ ٹورنامنٹ میں 8 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فائنل میں بھی تین اہم کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ابتسام اظہر کو 2025 میں انڈر 19 اسکل اسیسمنٹ کیمپ کے لیے منتخب کیا گیا تھا، جس سے ان کے قومی سطح پر نمائندگی کے امکانات روشن ہیں۔اس حوالے سے ابتسام اظہر نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ میں مسلسل محنت کر رہا ہوں اور ہر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہوں اور خواہش ہے کہ مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرسکوں۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے صرف محنت ہی نہیں بلکہ اسمارٹ ورک ہونا بھی ضروری ہے اور میں سینئرز سے سیکھنے کے ساتھ اپنی فٹنس اور ڈائٹ پر بھی خاص توجہ دے رہا ہوں۔جدید کرکٹ میں صرف گرائونڈ میں پرفارم کرنا کافی نہیں بلکہ گرائونڈ سے باہر بھی کھلاڑی کو ڈسپلن، فٹنس اور قربانیوں کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں