سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کی کارروائی،چینی سے بھرے ٹرک سے لاکھوں کی چینی پکڑ لی

جڑانوالہ(نامہ نگار) خفیہ اداروں کی نشاند ہی پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چینی سے بھرے ٹرک سے70لاکھ روپے کی چینی پکڑ کر مختلف مقامات پر سٹالز لگوا کر شہریوں کو 170 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق جڑانو الہ خفیہ اداروں کی نشاندہی پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی نصرت شاہ نے غلہ منڈی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے چینی سے بھرا ٹرک پکڑ کر 720 بوریاں قبضہ میں لے لیں پکڑی جانیوالی چینی کی مالیت 70لاکھ روپے بتائی جاتی ہے اور ڈیلر نے سیدوالا کے رہائشی امجد نامی شخص کے نام پر کمالیہ شوگر ملز سے منگوائی تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت پر پکڑی جانیوالی چینی مختلف مقامات پر سٹالز قائم کرکے شہریوں میں 170روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ کا کہنا ہے کہ تحصیل انتظامیہ کی جانب سے ذخیرہ اندوزی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ اشیائے خورد و نوش کی حکومتی نرخوں پر فراہمی تحصیل انتظامیہ کی اولین ترجیحات ہیں۔ شہریوں نے سستے داموں چینی کی فراہمی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کیخلاف جاری کارروائیوں کو سراہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں