129

سی پیک منصوبوں پر مزید تعاون بڑھانے کا فیصلہ (اداریہ)

پاکستان او رچین نے سی پیک منصوبوں پر تعاون بڑھانے اور اپ گریڈ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چین کی نیشنل پیپلزکانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین زینگ جیان بینگ کی گیمبیا میں اسلامی تعاون (OIC) کی 15ویں اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ملاقات ہوئی دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں فریقوں نے باہمی فائدے کیلئے اقتصادی تعاون کے ذریعے اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا، دونوں فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار تعاون پر مبنی شراکت داری کی بھی توثیق کی اور پاکستان کی پارلیمنٹ اور چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا بیان میں بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے سی پیک منصوبوں پر تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ریڈیو پاکستان کے مطابق اسحاق ڈار نے چین کے بنیادی مسائل میں پاکستان کے مضبوط حمائت کا اعادہ کیا اور قریبی اقتصادی تعاون کے ذریعے باہمی پیداواری تعلقات کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، اسی دوران جیان بینگ نے پاکستان کی خود مختاری’ علاقائی سالمیت اور ترقی کے لیے چین کی حمایت کا اعادہ کیا،، پاکستان اور چین کا سی پیک منصوبوں پر مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار خوش آئند ہے، سی پیک منصوبہ گیم چینجر منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ چین اور پاکستان کی لازوال دوستی کی عظیم مثال ہے چین اور پاکستان آہنی دوست ہیں چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیکر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ دونوں ملکوں کی دوستی میں کبھی بھی دراڑیں نہیں آ سکتیں، معاشی بحران میں بھی پاکستان کا چین نے بھرپور ساتھ دیا اقتصادی راہداری منصوبہ میں چین کی جانب سے بھاری سرمایہ کاری سے پاکستان کے ازلی دشمن بھارت سمیت دیگر مخالفین کو سانپ سونگھ گیا تھا اور پاکستان دشمنان نے اسی وقت سے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کو نقصان پہنچانے چینی انجینئرز اور ورکروں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش شروع کر دی گئی تھیں بلوچستان کے مختلف علاقوں گوادر اور دیگر مقامات پر افراتفری پھیلانے کی کوششیں کی گئیں دہشت گردی کے واقعات بھی ہوئے مگر چین اور پاکستان کے اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی تمام سازیں ناکام بنا دی گئیں چین اور پاکستان کی قربتوں کو دوریوں میں تبدیل کرنے کیلئے دشمنوں کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں اور سی پیک منصوبے تیزی سے پائیہ تکمیل کی جانب گامزن ہیں سی پیک منصوبے 2030ء کو انشاء اﷲ مکمل ہوں گے اور اس کے ساتھ ہی گوادر کی بندرگاہ سے دُنیا بھر میں تجارتی سامان کی روانگی اور آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا جس کی بدولت پاکستان دنیا کی ابھرتی ہوئی معاشی قوت بن جائے گا چین نے گوادر بندرگاہ کی تعمیر اسکی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر کے ایک شاندار کارنامہ سرانجام دیا ہے گوادر کی بندرگاہ گہرے پانیوں کی بندرگاہ ہے اور پاکستان کو اس بندرگاہ کے ان گنت فوائد حاصل ہونیوالے ہیں پاکستان کے عظیم دوست چین کی مدد سے ہی ممکن تھا چین نے پاکستان سے اپنی دوستی کا حق ادا کر دیا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان عالمی طور پر اپنی حیثیت منوالے گا 2030ء میں مکمل ہونے والے اس منصوبے سے پاکستان کا تابناک مستقبل جڑا ہوا ہے پاکستانی قوم اس منصوبے کی جلد تکمیل کی منتظر ہے خدا کرے سی پیک کا عظیم اور گیم چینجر منصوبہ جلد مکمل ہو کر پاکستان کیلئے خوشحالی وترقی کا پیغام لیکر آئے تاکہ ہم دنیا میں سر اٹھا کر چلنے کے قابل ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں