شادی شدہ خاتون کی خودکشی،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان قتل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھریلو حالات سے دل برداشتہ ہو کر شادی شدہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ سمندری کی رہائشی 25سالہ کلثوم زوجہ صدی احمد کا کسی بات پر گھر والوں سے جھگڑا ہو گیا تو اس نے دل برداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کا معدہ واش کر کے جان بچانے کی سرتوڑ کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔ تاہم ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔دریں ثناء ،فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ 100 رب میں نامعلوم مسلح افراد نے رات کو سوتے میں نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 100 رب کا رہائشی عاطف ڈیرہ پر سو رہا تھا کہ آدھی رات کو نامعلوم ملزمان دیوار پھلانگ کر ڈیرہ میں داخل ہوئے اور فائرنگ کرنے والے نوجوان عاطف کو قتل کر کے فرار ہو گئے۔ صبح ہونے پر لواحقین ڈیرہ پر پہنچے تو مردہ حالت میں پڑا تھا۔ جس پر پولیس کو اطلاع کی تو کھرڑیانوالہ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اندھے قتل کا سراغ لگانے کیلئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں