شادی پورہ گلی نمبر14میں سیوریج کے گندے پانی نے تباہی مچادی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)شادی پورہ گلی نمبر 14 میں سیوریج کے گندے پانی نے تباہی مچادی ، گلیوں اور بازاروں میں سیوریج کا گندہ پانی مسلسل کھڑا رہنے سے لوگوں کو آ مدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، خصوصی طور پر یہاں سکول آ نے والے طلبا وطالبات کو بھی اسی گندے پانی سے گذر کر آ نا پڑتا ہے ، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز یونٹی کے مرکزی چیئرمین چوہدری طاہر نے وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ شادی پورہ گلی نمبر 14 میں سیوریج کا نظام ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے اور غفلت کے مرتکب واسا کے عملہ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے انہوں نے مزید کہا کہ واسا کے بلوں میں ہر سال مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس ماہ بھی کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے مگر واسا کے بلوں میں کئی گنا اضافہ کے باوجود واسا کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز سے مطالبہ ہے کہ واسا بلوں میں کیا گیا اضافہ فوری واپس لیا جائے، انہوں نے اپنے بیان کہا کہ شادی پورہ گلی نمبر 14 میں سیوریج سسٹم ناکارہ اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ جانے سے تعفن زدہ ماحول بن گیا لوگوں کا سانس لینا بھی دشوار ہو گیا ہے طلبا وطالبات کو سکول آ نے اور نمازی حضرات کو مساجد آ نے اور جانے میں مشکلات کا سامنا ہے اور اس گندے پانی کے جوہڑ سے گذر کر جانا پڑتا ہے جس سے ان کے کپڑے ناپاک اور گندے ہو جاتے ہیں وزیر اعلی پنجاب اربوں روپے کے فنڈز سے گلیاں اور سڑکیں تو بنا رہی ہے مگر ان سڑکوں پر سیوریج کا پانی کھڑا رہنے سے سڑکیں اور گلیاں جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہیں ہیں اور یوں قومی خزانہ کو بھاری نقصان ہو رہا ہے لہٰذا وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ ہے کہ مذکورہ بالا علاقے میں سیوریج کا نظام درست کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں