2

شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے

سرگودھا (بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن(ر) محمد وسیم کی زیر صدارت شہر میں ٹر یفک مسائل، روڈ سیفٹی، حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کے بہتر نظام سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف، ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر، ایس پی پٹرولنگ پولیس ، سیکرٹری آر ٹی اے، ایکسین ہائی ویز، ایم او آر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ، اوور اسپیڈنگ، اوور ٹیکنگ، غیر ضروری یوٹرنز اور پارکنگ کے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے اور تجاویز سامنے آئیں اور مختلف سڑکوں کو ون وے کرنے کی تجاویز پر مشاورت کی گئی جن میں بائی پاس روڈ، مٹھہ مصوم چوک سے جھال چکیاں براستہ چدھڑ چوک، خوشاب روڈ، پل نہر جہلم سے جھال چکیاں براستہ عزیز بھٹی ٹاؤن، جھنگ روڈ، 85 جھال سے 92 موڑ، فیصل آباد روڈ، 47 پل سے پل 111 تک اور کوٹمومن روڈ 33 پھاٹک سے مٹھہ لک تک شامل ہیں۔ ان تجاویز پر مزید تکنیکی جائزے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ شہر میں سڑکوں کی ری ہیبیلیٹیشن اور ری کنسٹرکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جس میں پنجاب کالج سے رکشہ مارکیٹ براستہ ظفر اللہ چوک، اسٹیڈیم روڈ شمع چوک سے سرگودھا اسٹیڈیم، ظفر اللہ چوک سے چوک اسٹیڈیم براستہ ابراہیم ہسپتال، بلاک نمبر 12 چوک سے واٹر سپلائی روڈ، ریلوے روڈ ، خیام چوک سے میڈیکل اسٹور براستہ ٹرسٹ پلازہ، سیٹلائٹ ٹاؤن چوک سے 33 پھاٹک براستہ گل والا شامل ہیں۔ اجلاس میں خوشاب روڈ پر نہر جہلم سیشیل پٹرول پمپ سے جھنگ موڑ تک فلائی اوور کی تعمیر اور نہر پل کی توسیع، لاہور روڈ پر سیال موڑ چوک پر انڈر پاس بنانے کی تجاویز زیر غور آئیں۔ اسی طرح لکسیاں ٹول پلازہ سے سیال موڑ انٹرچینج تک بائی پاس اور لکسیاں ٹول پلازہ سے پل طالب والا تک بائی پاس بنانے کی تجاویز پر بھی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں چوکوں کی ری ڈیزائننگ کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی جن میں بم چوک سے شاہین چوک تک ڈیوائیڈر کی توسیع، شاہین چوک کو جدید اور محفوظ انداز میں ڈیزائن کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں