شہریوں کو تفریح کی فراہمی ترجیح ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار ) وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت سٹی پارک بھلیر کی بحالی، تزئین و آرائش اور جدید خطوط پر استوار کرنے کا منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے سٹی پارک بھلیر کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا موقع پر جائزہ لیا۔دورے کے دوران چیف آفیسر ضلع کونسل کاشف محمود، انجینئر مشاق منڈا اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ولید عثمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر کو پارک کی بحالی کے مجوزہ لے آوٹ پلان، جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور آئندہ مرحلوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پارک میں جدید طرز کا واکنگ ٹریک، بچوں کے لیے محفوظ اور معیاری پلے ایریا، کھیلوں کے گراونڈز کی تیاری، خوبصورت لینڈ اسکیپنگ، معیاری لائٹنگ سسٹم اور بچوں کے لیے جھولوں کی تنصیب کا کام جاری ہے، جس سے پارک کی مجموعی خوبصورتی اور افادیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند، محفوظ اور معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر، شفافیت اور اعلی معیار کو یقینی بناتے ہوئے مکمل کیے جائیں تاکہ عوام جلد از جلد جدید سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں