صاحبزادہ حامد رضا حق سچ کا ساتھ دینگے،انکو جھکایا نہیں جاسکتا ،حسن رضا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سنی اتحاد کونسل کے قائم مقام چیئرمین صاحبزادہ حسن رضا نے کہا کہ صاحبزادہ حامد رضا اپنی گرفتاری پیش کرنے کے لیے پشاور سے فیصل آباد آرہے تھے۔ وہ رول آف لا کے تحت خود کو سیرینڈر کرنے کا فیصلہ کرچکے تھے جس کا باقاعدہ اعلان انہوں نے تین ماہ پہلے ہی کردیا تھا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے دو دن قبل پشاور ہائی کورٹ میں سرنڈر کیا اور راہداری ضمانت کی درخواست کی مگر وہ منظور نہ ہوسکی۔ پشاور ہائی کورٹ سے راہداری ضمانت نہ ملنے کی وجہ سے صاحبزادہ حامد رضا خود گرفتاری پیش کرنے کی غرض سے فیصل آباد پہنچ رہے تھے۔ ہم عدالتوں سے انصاف کا یقین رکھتے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل پرامن سیاسی جدوجہد اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ سنی اتحاد کونسل انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے معزز عدالتوں کا فیصلہ قبول کیا تاکہ انصاف کی فراہمی ہوسکے۔ پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سنی اتحاد کونسل نے دہشت گردی کے خلاف شرعی بیانیہ بنایا اور ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد کو حرام قرار دیا۔ سنی اتحاد کونسل نے خود کش حملوں کو حرام اور خود کش حملے کروانے والوں کو دائرہ اسلام سے خارج ہونے کا شرعی اعلامیہ جاری کیا۔ سنی اتحاد کونسل نے فرقہ واریت کے ناسور کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا اور فرقہ وارانہ مواد کے خاتمے کے لیے کردار ادا کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا پر دہشتگردوں نے کئی حملے کیے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں مگر صاحبزادہ حامد رضا ریاست سے ٹکرانے والوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے رہے۔ صاحبزادہ حسن رضا نے مزید کہا کہ صاحبزادہ حامد رضا اپنی سزا کیخلاف قانونی راستہ اختیار کریں گے اور اپنی سزا کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔ ہمیں عدلیہ سے انصاف کا یقین ہے اور صاحبزادہ حامد رضا سرخرو ہوں گے۔ صاحبزادہ حسن رضا نے سنی اتحاد کونسل کی مرکزی مجلس شوری کا فوری اجلاس بلانے اور آئندہ کے لائحہ عمل بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کارکنان کو پرامن رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔دریں اثنائ۔ فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحر یک انصاف، سنی اتحاد کونسل کے سابق چیئرمین اور سابق رکنِ قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کی گرفتاری کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے کیونکہ وہ خود سرینڈ ر کرنے فیصل آباد کی عدالت جا رہے تھے۔ صاحبزادہ حامد رضا ایک باوفا، باکردار اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر وفاداری نبھائی۔ وہ ان رہنمائوں میں سے ہیں جنہوں نے کسی دبا، لالچ یا خوف کے آگے سر نہیں جھکایا بلکہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے رہے۔جھوٹے اور سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات کے ذریعے اس محبِ وطن رہنما کو نشانہ بنانا نہ صرف انصاف کا قتل ہے بلکہ یہ اس انتقامی نظام کا تسلسل ہے جس کا واحد مقصد عمران خان اور ان کے وفادار ساتھیوں کو جھکانا ہے۔پاکستان تحریک انصاف اس غیر منصفانہ اور غیر آئینی طرزِ عمل کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ صاحبزادہ حامد رضا جیسے مخلص، بہادر اور نظریاتی رہنما تاریخ کے ہر موڑ پر سرخرو رہیں گے۔ ان پر جھوٹے مقدمات اور سزائیں عارضی ہیں، انکا کردار، خدمت اور وفا ہمیشہ زندہ رہینگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں