فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں صحافی کالونی کے قیام کا مطالبہ زور پکڑ گیا’ ایم پی اے رانا احمد شہریار خاں نے پنجاب اسمبلی میں آواز بلند کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے’ سپوت فیصل آباد رانا احمد شہریار خاں نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافی کالونی فیصل آباد کے صحافیوں کا حق ہے جس طرح پنجاب کے دیگر شہروں میں صحافی کالونیاں قائم کی گئی ہیں اسی طرح فیصل آباد میں بھی فوری طور پر صحافی کالونی کے قیام کا اعلان کیا جائے۔ فیصل آباد کے صحافی عرصہ دراز سے صحافی کالونی کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں اب وقت آ گیا ہے کہ ان کا یہ مطالبہ پورا کیا جائے۔ فیصل آباد میں صحافی کالونی کے قیام کیلئے آواز اٹھانے پر فیصل آباد پریس کلب کی انتظامیہ’ ممبران اور صحافتی تنظیموں نے رانا احمد شہریار کا شکریہ ادا کیا ہے۔




