صنعتی و کمرشل بجلی صارفین کو جھٹکا،نئی ڈیوٹی عائد

لاہور(بیوروچیف) پنجاب حکومت نے 500کے وی اے سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و کمرشل صارفین پر بجلی ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔موصول ہونے والی بل کی کاپی کے مطابق پنجاب فنانس ترمیمی بل 2025 پنجاب اسمبلی سے بغیر کمیٹی کو بھیجے منظور کر لیا گیا’500کے وی اے سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و کمرشل صارفین پر فی یونٹ4پیسے بجلی ڈیوٹی لاگو ہو گی۔بل کے مطابق 500 کے وی اے تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ڈیوٹی سے استثنی حاصل ہو گا جبکہ تمام گھریلو صارفین بھی مکمل طور پر مستثنی رہیں گے، 500 کے وی اے سے بڑے جنریٹر رکھنے والے ادارے کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔نیشنل گرڈ کے صنعتی و کمرشل صارفین سے بجلی ڈیوٹی ڈسکوز کے ذریعے وصول کی جائے گی جبکہ نجی بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے ڈیوٹی الیکٹرک انسپکٹرز کے ذریعے لی جائے گی۔ترمیمی بل کے تحت پنجاب فنانس ایکٹ 1964 میں تبدیلیاں کی جائیں گی، بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں