صوبہ بھر میں پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں کی منظوری کیلئے ڈیجیٹل سسٹم کا نفاذ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر میں نجی ہائوسنگ سکیموں کی منظوری کے امور کو ”ہائوسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم” کے تحت لایا جا رہا ہے جس کے نفاذ کے بعد ہائوسنگ سکیم کی منظوری حاصل کرنے کے لئے کسی ڈویلپمنٹ اتھارٹی یا دیگر ریگولیٹر ادارہ کی بجائے اس ڈیجیٹل سسٹم میں آن لائن اپلائی کرنا ہوگا اس سلسلے میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے یہ ڈیجیٹل سسٹم تیار کر لیا ہے۔ اس سسٹم سے پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز کی آگاہی کے لئے تربیتی سیشن ایف ڈی اے کمپلیکس میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کی۔ چیف انجینئر ایف ڈ ی اے مہر ایوب، ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹان پلاننگ راحیل ظفر، فاران صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبد اللہ نور اور دیگر متعلقہ افسران بھی تربیتی سیشن میں موجود تھے۔ اس موقع پر ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز کے نمائندوں وحید احمد، سید رضا حسین بخاری، مبشر علی خاں، محمد کاشف، محمد اکرم، شاہد اکرم و دیگر موجود تھے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ماہرین کی ٹیم میں ڈائریکٹر ایڈمن زریاب ساجد، ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد بلال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عزیر شہزاد، بزنس اینالسٹ محمد یاسر، سینئر سافٹ وئیر انجینئر مزمل صفدر، سافٹ ویئر انجینئر ابرارعلی و دیگر شامل تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے پنجاب لینڈ ریونیو اتھارٹی کے ماہرین کی ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہائوسنگ سکیموں کی منظوری کے امور کو ڈیجیٹل سسٹم میں لا کر صوبائی سطح پر یکسانیت لانے کے اقدام کو خوش آئند دیتے ہوئے کہا کہ ”ہائوسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم” بڑی اہمیت و افادیت کا حامل ہے جس سے غیر قانونی ہائسنگ سکیموں اور اس ضمن میں بعض بے ضابطگیوں، عوام سے دھوکہ دہی، جعل سازی اور فراڈ کے احتمال کا خاتمہ ہو گا اور ہائوسنگ سکیم کی منظوری میں قانونی و محکمانہ تقاضوں کے مکمل نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے ڈویلپرز سے کہا کہ وہ ہائوسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم کا مکمل ادارک حاصل کریں اور ہائوسنگ سکیم کی منظوری کے امور کے لئے ڈیجیٹل سسٹم سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ مختلف محکموں سے این او سی جاری کرنے کی کارروائیوں کے بارے میں بھی تاخیر یا کسی قسم کی رکاوٹ کے بارے میں حکومت پنجاب آگاہ ہوگی اور متعلقہ محکمے جواب دہ ہوں گے۔ ڈائریکٹر ایڈمن پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی زریاب ساجد نے بتایا کہ ہائوسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ سے نئی ہائوسنگ سکیم کی منظوری کے لئے کسی ڈویلپمنٹ اتھارٹی یا دیگر ریگولیٹر ڈیپارٹمنٹ کی بجائے براہ راست آن لائن ہائوسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم میں اپلائی کرنا ہو گا جس کے لئے زمین کی ملکیت/ فرد، لے آئوٹ پلان و دیگر ضروری دستاویزات منسلک کرنا ہوں گی۔ اس سسٹم میں انفرادی ڈویلپرز، شراکت دار ڈویلپرز، کمپنیز اور کوآپریٹو سوسائٹی اپلائی کرنے کی اہل ہوں گی۔ ماہرین نے ملٹی میڈیا پر بریفنگ کے دوران ہائوسنگ سکیم کی منظوری کے لئے ہائوسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم میں اپلائی کرنے کے مکمل طریقہ کار، انہوں نے آن اپلائی کے طریقہ کار، درکار دستاویزات، دیگر تقاضوں، فیسوں / واجبات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور ڈویلپرز کے بعض سوالات کے جوابات میں بتایا کہ یہ سسٹم ورلڈ بینک کے تعاون سے تیار کیا گیا جس کا مقصد زمینوں کے معاملات کو مکمل طور پر قانونی دائرہ میں لانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں