ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے متحرک ہے،ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی میں پیش پیش ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں متاثرہ خاندانوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تاندلیانوالہ کے مختلف دیہاتوں اور فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ آرمی افسران، اسسٹنٹ کمشنرز، سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ افراد سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور راشن بیگز تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین میں کھانے پینے کی اشیا اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔فلڈ ریلیف کیمپس میں مقیم متاثرہ افراد سے سہولیات بارے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ترجیح عوام کی فوری مدد اور بحالی ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے ”کلینک آن ویلز” موبائل ہسپتال کا بھی معائنہ کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ متاثرین کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں اور طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب زدگان کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی امداد کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کے مویشیوں کے لئے ونڈا، چارہ کا وافر انتظام اور محفوظ جگہ فراہم کی گئی ہے تاکہ متاثرین مویشیوں کی خوراک سے بے فکر ہو جائیں۔سیلاب متاثرین نے کہا کہ ”مریم نواز کی حکومت میں ہم بھوکے نہیں سو رہے” کھانا، راشن، ادویات اور رہائش کی فراہمی پر وزیراعلی پنجاب کے شکر گزار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں