ضلعی انتظامیہ نے اراضی ریکارڈ سنٹرز کی مانیٹرنگ کا پلان تشکیل دیدیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو اراضی ریکارڈ سنٹرز پر سروس ڈیلیوری کی بہتری کا ٹاسک ملنے پر فیصل آباد کی انتظامیہ نے بھی اراضی ریکارڈ سنٹرز کی مانیٹرنگ کا پلان تشکیل دے دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے نئے ہفتہ کے آغاز پر اراضی ریکارڈ سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور زمینوں سے متعلقہ شہریوں کو دستاویزات کے اجرا کا جائزہ لیا۔انہوں نے ای رجسٹریشن مرکز اربن ون،ٹو سٹی و صدر کی ورکنگ کا معائنہ کیا اوراراضی ریکارڈ سنٹر پر موجود سائلین سے عملہ کے رویہ اور فراہم کردہ سہولیات بارے استفسار کیا۔انہوں نے اے ڈی ایل آر کو سائلین کے بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہ اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ سرکاری اداروں میں سروس ڈیلیوری میں غفلت برتنے والوں کے خلاف ضلع میں زیرو ٹالرنس پالیسی کا اطلاق کردیا گیا ہے۔اراضی ریکارڈ سنٹرز کی نگرانی دوبارہ شروع کرنے کا مقصد کارکردگی کا جائزہ لینا ہے،انہوں نے کہا کہ سائلین سے ہتک آمیز رویہ اور رشوت وصولی کی شکایت پر ذمہ دار اہلکار کیساتھ سختی سے نمٹاجائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں