ضلعی انتظامیہ کسی بھی سیلاب متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیگی،ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیلابی صورتحا ل کے باوجود ضلعی انتظامیہ فیصل آباد عوامی خدمت اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر محفوظ رہائش، محفوظ زندگی کے عزم کے تحت متاثرہ آبادی کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے مسلسل پانچویں روز تحصیل تاندلیانوالہ کے پل ماڑی پتن،شیرازا پتن اور دیگر متاثرہ مقامات کا دورہ کیا اور موجودہ پانی کی سطح کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے خود ڈرون چلا کر اردگرد کے دیہات میں سیلابی صورتحال کا معائنہ بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس وقت دریائے راوی میں دو لاکھ 30ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے تاہم آئندہ ہر گھنٹے کے بعد پانی کی سطح میں کمی ہونا شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماڑی پتن اور شیرازا پتن کے پل مکمل طور پر محفوظ ہیں اور انفراسٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ دونوں پلوں پر ٹریفک رواں دواں ہے جبکہ تمام رابطہ سڑکیں بھی بحال ہیں۔کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بتایا کہ گیارہ دیہاتوں کو پہلے ہی خالی کرا لیا گیا تھا جس کی بدولت کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دو مقامات پر کٹ آیا تھا جسے ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بند کر دیا۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نہ صرف انسانی جانوں بلکہ مویشیوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق اب تک چار سو سے زائد جانوروں کو چارہ فراہم کیا جا چکا جبکہ ان کے لیے پانی، ویکسین اور ادویات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ پانی کے کم ہوتے ہی متاثرہ علاقوں میں بحالی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سیلاب متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ضلعی انتظامیہ ہر لمحہ عوامی خدمت کے لیے متحرک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں