ضمنی الیکشن،NA-96اورPP-116خاص توجہ کا مرکز بن گئے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) 23نومبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئیں۔ امیدواروںکی انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی۔ جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لینے تھے انہوںنے لے لئے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پارٹی قیادت کی ہدایت پر جن امیدواروں کو ٹکٹ ملے تھے ان کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں ۔ اب فیصل آباد میں صرف مسلم لیگ ن اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ این اے96 اور پی پی116خاص توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ان حلقوں میں حکومتی وزیر، مشیر، سابق ایم پیز، ایم این ایز، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور تنظیمی عہدیدار مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے ایڑ ی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔ این اے96جڑانوالہ میں وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری کے بھائی بلال بدر چوہدری کی کامیابی کیلئے تمام سرکاری وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں ۔ اس حلقہ میںمسلم لیگ (ن ) کے آزاد امید وارملک نواب شیر وسیر کو دبانے کے ہر حربے استعمال کیے جا رہے ہیں مگر وہ بھر پور طریقے سے اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ پی پی116میں پارٹی عہدیدار سابق ٹکٹ ہولڈرز وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں کے داماد رانا احمد شہریار خاں کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور ان کی کامیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا ئے جا رہے ہیں۔ مگرآزاد امیدوار سابق ایم پی اے ملک اصغر علی قیصر ایڈووکیٹ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا احمد شہر یار خاں کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی انتخابی مہم زور پکڑرہی ہے، ووٹرز اور سپورٹرز بھی ان کے ساتھ ہیں۔ پی پی98چک جھمرہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری اور سابق ایم پی اے آزاد علی تبسم اکیلے انتخابی مہم چلا رہے ہیں کوئی تنظیمی عہدیدار اور وزیر مشیر ان کے ساتھ انتخابی مہم میں ساتھ نہیں دے رہا۔ پی پی 115کی بات کی جائے تو وہاں میاں طاہر جمیل کا ساتھ صرف سابق وفاقی وزیر چوہدری عابد شیر علی دے رہے ہیں اور وہ الیکشن اپنے بل بوتے پرلڑ رہے ہیں۔انہوں نے لاہور میں پارٹی میٹنگ کے دوران کہا تھا کہ میں اکیلا ہی الیکشن لڑونگا اور وہ اس قول پر پکے ہیں، اس وقت تمام امیدوار اپنی کامیابی کیلئے کوشاں ہیں مگر اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے اس کا پتہ23نومبر کو ہی چلے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں