ضمنی الیکشن’ 10ستمبر سے پولنگ عملے کی تربیت کا آغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سٹی پولیس آفیسر (CPO) بلال عمر کی مشترکہ صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصل آباد کے دو قومی اور ایک صوبائی حلقے میں ضمنی انتخابات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے شیڈول کے مطابق این اے96،این اے 104اور پی پی98میں ضمنی انتخابات 5اکتوبر 2025 کو ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات اور گائیڈ لائنز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ10 ستمبر سے پولنگ عملے کی تربیت کا آغاز کر دیا جائے گا تاکہ پولنگ کے دن عملے کی کارکردگی بہتر ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پولنگ آفیسرز،اسسٹنٹ کمشنرز کے ہمراہ پولنگ اسٹیشنز کے دورے کریں اور انتظامات کا خود جائزہ لیں۔ اجلاس میں پولنگ سٹاف کی حاضری ہر صورت یقینی بنانے کے لئے فول پروف انتظامات کرنے پر زور دیا گیا جبکہ متعلقہ محکموں کو ہنگامی (کنٹیجنسی) اور ٹرانسپورٹ پلان مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔اس موقع پرسٹی پولیس آفیسربلال عمر نے کہا کہ پولنگ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے اور شہریوں کو پرامن ماحول میں ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔اجلاس میں ریٹرننگ آفیسرز (آر اوز)، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز (اے آر اوز) اور مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے جنہوں نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے انتخابی عمل کے دوران سہولیات اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ تمام افسران مل کر مقررہ شیڈول کے مطابق انتظامات مکمل کریں تاکہ شفاف، پرامن اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں