عازمین حج کی تربیت کا دوسرا مرحلہ،تمام امور1دن میں مکمل ہونگے

اسلام آباد (بیوروچیف) اخراجات کی بچت سے متعلق حکومتی ہدایت کی روشنی میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے اخراجات کم کرنے کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے، اب ملک بھر کے 10حاجی کیمپوں میں حج تربیت کا دوسرا مرحلہ، ویکسینیشن اور لگیج فراہمی سمیت تمام امور ہر عازم حج کے لیے ایک ہی دن مکمل کیے جائیں گے، یہ سہولت 8اپریل سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، سکھر اور رحیم یار خان کے حاجی کیمپوں میں مرحلہ واز اور حج پروازوں کی ترتیب کے لحاظ سے شروع ہو گی، اس اقدام سے مجموعی طور پر 1لاکھ 19ہزار عازمین مستفید ہوں گے۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق تمام عازمین حج کے لیے ویکسینیشن لازمی ہے جس کا شیڈول پاک حج ایپ پر دستیاب ہو گا، اسی دن حج تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تربیتی عمل کے ساتھ کا عازمین حج کو ہوائی ٹکٹ اور ویزا، شناختی لاکٹ ، لگیج ٹیگز (کوائف نامے) اور ادویات پیکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی کہ وہ اپنا اصل شناختی کارڈ اور تصویر والی کمپیوٹرائزڈ بینک رسید لازمی ہمراہ لائیں۔ عازمیں حج کی سہولت کے لیے حاجی کیمپوں میں کرنسی نوٹوں کے تبادلے کے لیے بینکوں کے خصوصی کانٹرز بھی قائم ہوں گے، تمام عازمین پاک حج ایپ پر دیے گئے اپنے شیڈول کے مطابق حاجی کیمپ میں شرکت یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں