عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے پاسپورٹ میں بڑی تبدیلی

اسلام آباد (بیوروچیف) محکمہ پاسپورٹس کی جانب سے پاکستانی پاسپورٹ میں اہم اور تاریخی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ پاسپورٹس کے فیصلے کے بعد اب نئے جاری ہونے والے پاسپورٹس میں شہریوں کے والد کے ساتھ ساتھ والدہ کا نام بھی درج کیا جائے گا۔محکمہ پاسپورٹس کی جانب سے یہ فیصلہ عالمی معیار سے ہم آہنگ ہونے اور سماجی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے ڈائریکٹر جنرل مصطفی جمال قاضی نے ایک انٹرویو کے دوران اس پیشرفت کی تصدیق بھی کردی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف عالمی تقاضے پورے کرنا ہے بلکہ ان شہریوں کو آسانی فراہم کرنا بھی ہے جنہیں موجودہ نظام میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ڈی جی پاسپورٹ کے مطابق پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس میں روایتی طور پر صرف والد کا نام شامل کیا جاتا ہے، تاہم یہ نظام خاص طور پر سنگل ماں کے لیے مسائل پیدا کرتا رہا ہے، جو اکیلے بچوں کی پرورش کرتی ہیں، مختلف مواقع پر والد کی عدم موجودگی یا والدہ کی اہمیت کو تسلیم نہ کیے جانے سے کئی قانونی اور انتظامی مشکلات جنم لیتی ہیں۔ڈی جی پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں پہلے ہی والدہ کے نام کو دستاویزات میں شامل کیا جاتا ہے، جس سے شہریوں کو بین الاقوامی سطح پر بھی سہولت میسر آتی ہے۔یہ تبدیلی پاکستانی خواتین، خصوصا سنگل ماں، کے حقوق کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔ سماجی حلقوں اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے معاشرتی توازن قائم کرنے اور خواتین کو درپیش قانونی مسائل میں کمی آئے گی۔اس تبدیلی کے بعد یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے پرانے پاسپورٹ رکھنے والے کیا کریں؟، کیا انہیں نئے پاسپورٹ بنوانے ہوں گے؟ تو اس حوالے سے تاحال حتمی پالیسی جاری نہیں کی گئی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ پاسپورٹس اپنی معیاد تک کارآمد رہیں گے، اور نئی تبدیلی کا اطلاق آئندہ جاری ہونے والے پاسپورٹس پر ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں