عظمت فردوس کے جاتے ہی8بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار،مافیا کے وارے نیارے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے چوک گھنٹہ گھر’ اس کے ملحقہ آٹھ بازاروں سمیت شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بنائی گئی پیرافورس ناکام’ بازاروں’ مین شاہراہوں اور گلی محلوں میں قائم تجاوزات دوبارہ قائم’ عبداﷲ پور جھمرہ روڈ تا نشاط آباد پل تک فروٹ مارکیٹ بن گئی’ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، شہریوں کو گزرنا محال ہو گیا’ تفصیل کے مطابق میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی چیف آفیسر آئرن لیڈی محترمہ عظمت فردوس نے تن تنہا شہر کے 8بازاروں’ شہر بھر کی اہم مارکیٹوں’ مین شاہراہوں’ گلی محلوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور ایکشن لیتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کرتے ہوئے 8بازاروں کو ”فری وہیکل” بنایا اور روزانہ کی بنیاد پر بھرپور کارروائی کرتے ہوئے شہر بھر سے پختہ اور عارضی تجاوزات کا خاتمہ کیا۔ بعدازاں حکومت پنجاب کی طرف سے موصوفہ سے اختیارات واپس لیتے ہوئے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے پیرافورس قائم کی گئی تو پیرافورس آٹھ بازاروں سمیت شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے یکسر ناکام ہو گئی، آٹھ بازاروں’ اسکی ملحقہ مارکیٹوں میں دکانداروں نے نہ صرف دوبارہ تجاوزات کر لی جبکہ آٹھ بازاروں کو ”فری وہیکل” بنانے کا منصوبہ بھی فلاپ ہوتا نظر آ رہا ہے۔ چوک گھنٹہ گھر اور اس کے ملحقہ آٹھ بازاروں میں گاڑیوں’ موٹرسائیکلوں کا داخلہ عام ہو چکا ہے۔ بازاروں میں دوبارہ جگہ جگہ پارکنگ سٹینڈ بن چکے ہیں۔ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے خریداری کیلئے آنیوالے شہریوں کا پیدل چلنا بھی دشوار ہو چکا ہے۔ جبکہ شہر کے دیگر علاقوں ستیانہ روڈ’ جڑانوالہ روڈ’ سمندری روڈ جھنگ روڈ’ نڑوالا روڈ پر دکانداروں نے دوبارہ سے تجاوزات کرنا شروع کر رکھی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عبداﷲ پور جھمرہ روڈ پر نشاط آباد پل تک فروٹ مارکیٹ بن چکی ہے۔ ریڑھی’ چھابڑی والے جھمرہ روڈ پر قبضہ کرتے ہوئے سرشام ہی روڈ کو بلاک کر دیتے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ اور ٹریفک پولیس کے بعض اہلکاروں نے مبینہ طور پر نذرانے وصول کر کے تجاوزات کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ شہری حلقوں کا کمشنر جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پیرافورس کو تجاوزات کے خاتمہ کیلئے موثر اقدامات کرنے کے احکامات جاری کریں۔ ایک تن تنہا لیڈی تجاوزات کا خاتمہ کر سکتی ہے تو پیرافورس کو بھی شہر سے پختہ اور عارضی تجاوزات کے خاتمہ کیلئے اپنی کارکردگی دکھانی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں