علماء محراب و منبر سے اتحاد،اتفاق،رواداری،بھائی چارہ کا پیغام عام کریں،کمشنر جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرڈویژن بھر میں امن وامان کے قیام کیلئے ڈویژنل وضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور تمام مکاتب فکر کے علما کرام متحد اوروطن دشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کیلئے ایک پیج پر ہیں ۔ سانحہ ایران اور افغانستان کے ساتھ جنگی حالات کے تناظر میں ڈویژنل امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انورنے صدارت کی۔ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز اور ارکان امن کمیٹی نے شرکت کی۔کمشنر نے کہا کہ آئندہ2 سے 3 روز میں ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے دورے کرکے علما کرام و ممبران امن کمیٹی سے ملاقات کریں گے اور یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ امن کے قیام میں علما کرام کا کردار ہمیشہ صف اول میں رہا ہے۔اس وقت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لئے باہمی اتحاد واتفاق ناگزیر ہے۔کمشنر نے کہا کہ علما کرام محراب و منبر سے اتحادواتفاق،رواداری،صبر و تحمل،بھائی چارہ کا پیغام عام کریں۔پرامن رہیں اور ریاستی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔علما کرام نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ امن کا قیام ہر قیمت پر یقینی بنانا ہے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علما آپس میں متحد و متفق ہیں۔جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ سے ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز اور امن کمیٹی کے ارکان ویڈیو لنک جبکہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن(ر) ندیم ناصر کے علاوہ ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،پیر فیض رسول،یاسین ظفر،علامہ طاہر الحسن،محمد اسلم بھلی ودیگر کمشنر آفس سے شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں