فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شدید آندھی اور بارش کے بعد موسم خوشگوار جبکہ فیسکو کے درجنوں فیڈر ٹرپ کرنے سے متعدد علاقوں کی بجلی بند’ محکمہ واسا کا عملہ بارشی پانی نکالنے میں متحرک’ مین شاہراہوں سے بارش کا پانی کا نکاس کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق آج علی الصبح شدید آندھی اور بارش نے شہر بھر میں جل تھل کر دیا’ مین شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہو گیا اور بارش کے دوران فیسکو کے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے جسکی وجہ سے متعدد علاقوں کی بجلی بند ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا رہا ابھی تک کئی علاقوں کی بجلی بحال نہ ہو سکی۔ بارش ہوتے ہی ایم ڈی واسا ثاقب رضا کے احکامات پر فیلڈ سٹاف بارشی پانی نکالنے کیلئے مختلف پونڈنگ پوائنٹ پر پہنچ گیا اور تمام مشینری کو فنکشنل کر دیا گیا اور بارش تھمنے کے بعد واسا کی ٹیموں نے چوک گھنٹہ گھر’ ملحقہ آٹھ بازاروں’ مرکزی امام بارگاہ سمیت دیگر اہم شاہراہوں اور چوراہوں کو بھی بارشی پانی سے کلیئر کر دیا۔ آج سب سے زیادہ بارش جیل روڈ پر 16ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گلستان کالونی میں 14′ علامہ اقبال کالونی میں 13′ ڈوگر بستی میں 12ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ واسا نے بارش کے ساتھ ہی تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو فل کیپسٹی پر آپریشنل کر دیا اور شہر بھر کی تمام ڈائنگ یونٹس کو بند کروا دیا گیا جبکہ واسا کا عملہ بارشی پانی کی نکاسی تک فیلڈ میں موجود رہے گا۔




