عوامی ریلیف اور سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے،کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان

سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژ ن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں اضلاع میں “دھی رانی پروگرام”، “پلس پراجیکٹ”، گندم و آٹے کی قیمتوں اور دستیابی، ایچ پی وی ویکسینیشن مہم اور لمپی اسکن بیماری کے حوالے سے اقداما ت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس، ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف، اے ڈی سی آر سرگودہا فہد محمود، ڈائریکٹر ہیلتھ رانا محمد ریاض اور ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاکرہ نورین کے علائوہ لائیو اسٹاک و دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سرگودہا ڈویژن میں “پلس پراجیکٹ” کامیابی سے جاری ہے اور کارکردگی کے لحاظ سے ڈویژن صوبے بھر میں چوتھے نمبر پر ہے۔ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاکرہ نورین نے “دھی رانی پروگرام” پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب بھر میں سب سے زیادہ درخواستیں سرگودہا ڈویژن میں موصول ہوئی ہیں۔ چاروں اضلاع سے 2080 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 1685 کی ویریفکیشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ تاحال پورٹل اوپن ہے اور رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث اب یہ شادیاں اکتوبر کے آخری ہفتے یا نومبر کے اوائل میں متوقع ہیں۔ پنجاب حکومت نے شادیوں کی تعداد کا ہدف 3 ہزار سے بڑھا کر 5 ہزار مقرر کر دیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک نے اجلاس کو بتایا کہ ڈویژن بھر میں آٹا اور روٹی مقررہ نرخوں پر دستیاب ہیں، گندم وافر مقدار میں موجود ہے اور اس حوالے سے کسی بحران کا خدشہ نہیں۔ ڈائریکٹر ہیلتھ رانا محمد ریاض نے ایچ پی وی ویکسینیشن مہم پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرگودہا ڈویژن میں اب تک 1 لاکھ 50 ہزار 834 بچیوں کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے جو مقررہ ہدف کا 40 فیصد ہے اور یہ مہم زور و شور سے جاری ہے۔محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ سرگودہا ڈویژن میں لمپی اسکن بیماری کا فی الحال کوئی خطرہ نہیں، تاہم احتیاطی اقدامات کے طور پر تمام حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور جانوروں کی ویکسینیشن جاری ہے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ڈینگی کے کیسز دوبارہ سامنے آ رہے ہیں، لہٰذا متعلقہ محکمے الرٹ رہیں اور سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت تمام مقامات پر اینٹی ڈینگی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف اور سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام فیلڈ ٹیمیں متحرک رہیں اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں