عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی،کمشنر مریم خان

ٹوبہ(نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ”ترقی، خدمت اور شفافیت” ویژن کے تحت کمشنر فیصل آباد مریم خان نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم ”ستھرا پنجاب” شکایات کنٹرول روم کا معائنہ کیا اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ لی۔کمشنر فیصل آباد کو کنٹرول روم میں شہریوں کے صفائی، سیوریج اور دیگر ماحولیاتی مسائل سے متعلق شکایات کے اندراج، متعلقہ محکموں تک فوری ترسیل، کارروائی اورمسائل کے حل کی رپورٹنگ کے مکمل طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اس عمل کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔کمشنر فیصل آباد مریم خان نے کہا کہ ”ستھرا پنجاب” مہم وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر نہ صرف شہری بلکہ دیہی علاقوں میں بھی بھرپور انداز میں جاری ہے تاکہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو ہدایت جاری کی کہ صفائی کے عملے کو تنخواہیں ہر صورت وقت پر ادا کی جائیں تاکہ وہ دلجمعی سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کمشنر فیصل آباد کو ضلع میں ”ستھرا پنجاب” مہم کے تحت جاری صفائی آپریشنز، شکایات کے ازالے اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی کنٹرول روم میں موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں