عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی پنجاب حکومت کی ترجیح ہے،کمشنر سرگودھا

سرگودہا (بیورو چیف)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی بہبود پر مبنی انشیٹوز کے تحت سرگودہا ڈویژن میں ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے۔اسی سلسلے میں کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانز یب اعوان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحصیل ہیڈکوارٹر بھکر اور تحصیل کلور کوٹ کے لیے دو بڑی شہری ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران اور ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ اجلاس میں منظور کی گئی سکیم نمبر 1 کے تحت بھکر شہر کے مرکزی بازار کو جدید طرز پر استوار کرنے کے لیے 36 کروڑ روپے کی لاگت سے دکانوں کی بحالی، پارکنگ ایریاز کی تعمیر، ٹف ٹائلز، فٹ پاتھ، عوامی بیٹھک کی سہولیات اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا منصوبہ شامل ہے۔ یہ سکیم جی پی او چوک سے ہلٹن چوک، عمر فاروق روڈ اور بھڈوال ہوٹل روڈ تک کے علاقے پر محیط ہوگی، جس کی مجموعی لمبائی 1.35 کلومیٹر ہے۔ سکیم نمبر 2 کے تحت کلور کوٹ میں بھکر موڑ سے ریلوے کراسنگ تک 1.45 کلومیٹر سڑک کی بحالی، دکانوں کی مرمت، ٹف ٹائلز، فٹ پاتھ، بیٹھنے کی جگہیں اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے لیے 31 کروڑ 83 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، تاکہ شہر کی تزئین و آرائش اور شہری سہولیات میں بہتری لائی جا سکے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے ان منصوبوں کو شہری ترقی کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں