عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ترجیح ہے،خواجہ سلمان رفیق

سرگودہا ( بیوروچیف)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سرگودہا میں زیر تعمیر نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان، چیئرمین ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی، کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان، پرنسپل سرگودہا میڈیکل کالج پروفیسر وارث فاروقہ سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے حال ہی میں مکمل ہونے والی او پی ڈی، ای سی جی، ایکو کارڈیوگرافی، ای ٹی ٹی، ہولٹر مانیٹرنگ، اور لیبارٹری ٹیسٹ کے شعبہ جات کا دورہ کیا اور وہاں موجود طبی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے او پی ڈی میں موجود مریضوں سے ملاقات کر کے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق عوام تک صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہو گا، جہاں سرگودہا اور گردونواح کے لاکھوں افراد کو عالمی معیار کی دل کے امراض کی تشخیصی اور علاج کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سطح پر معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ ہسپتال کے اندر جدید طبی مشینری کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے جبکہ ان ڈور بلڈنگ کا 80 فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ ادارہ دسمبر 2025 تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ بعد ازاں، کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی موجودہ صورتحال، آئندہ کے مراحل، اور مریض کے اسپتال میں داخلے سے لے کر علاج اور واپسی تک کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر صحت نے ایگزیکیوٹنگ ایجنسی کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور شفافیت، معیار اور عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود خان نے کہا کہ منصوبے پر کام تسلی بخش انداز میں جاری ہے اور محکمہ صحت کی جانب سے تمام منصوبوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی صحت عامہ کے شعبے میں خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال کی تکمیل سے اب ڈویژن کے شہریوں کو امراض قلب کے علاج کے لیے لاہور یا اسلام آباد جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی نے کہا کہ ہسپتال کیلئے انسانی وسائل کی بھرتی کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے اور مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں