عید الاضحی پر شہریوں کو صحت مند جانور مہیا کئے جائیں

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو کی زیر نگرانی، عیدالاضحی کے موقع پر ضلع بھر میں جانوروں کو چیچڑی (ٹِک) اور کانگو وائرس جیسے مہلک امراض سے بچانے کے لیے محکمہ لائیوسٹاک نے موثر اور بروقت اقدامات کیے ہیں۔ اس ضمن میں ضلع کی چاروں تحصیلوں میں اینٹی ٹِک چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں، جہاں جانوروں کی مکمل طبی جانچ، چیچڑی مار اسپرے اور ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔ ان اقدامات کا مقصد قربانی کے لیے فروخت ہونے والے جانوروں کو بیماریوں سے پاک رکھنا اور شہریوں کو صحت مند جانور فراہم کرنا ہے۔ضلع بھر میں قائم چیک پوسٹس تحصیل ٹوبہ کے علاقے موٹر وے انٹرچینج، تحصیل گوجرہ کے نورنگ آباد، تحصیل کمالیہ میں روی ٹول پلازہ اور تحصیل پیرمحل میں ہیڈ سدھنائی کے قریب قائم کی گئی ہیں۔ ان چیک پوسٹس پر محکمہ لائیوسٹاک کا تربیت یافتہ عملہ جانوروں کی مکمل طبی نگرانی کر رہا ہے۔ جانوروں پر چیچڑی مار اسپرے کیا جا رہا ہے اور بیماری کی علامات کا بغور معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ کانگو وائرس یا کسی بھی متعدی بیماری کا بروقت تدارک ممکن ہو سکے۔اسی سلسلے میں ہر تحصیل میں قائم مویشی منڈیوں میں محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے 24 گھنٹے تربیت یافتہ ویٹرنری عملہ، ویکسینز، ادویات، اور موبائل ڈسپنسریاں دستیاب ہیں، جو جانوروں کی فوری دیکھ بھال اور علاج معالجے کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حنا ظفر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ذیشان گیلانی تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ و کمالیہ ان تمام انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور چیک پوسٹس و منڈیوں کا باقاعدگی سے معائنہ کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کو صحت مند، محفوظ اور بیماری سے پاک جانور مہیا کیے جائیں، اور ضلعی انتظامیہ اس ہدف کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں