عید الاضحی کی آمد،ضلع بھر میں مویشی چوری کی نان سٹاپ وارداتیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) عیدالاضحی کی آمد کے موقع پر ضلع بھر میں مویشی چوری کی واردا توں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا’ ضلعی پولیس مویشی چوری سمیت دیگر ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں کو قابو پانے میں ناکام ہو گئی’ ضلعی پولیس افسران نے چپ سادھ رکھی ہے۔ تفصیل کے مطابق عید الاضحی کی آمد کے موقع پر شہر بھر میں بالخصوص دیہاتوں میں زمینداروں کی حویلی اور ڈیروں سے مویشی چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا’ آئے روز مویشی چوروں کے گروہ دیہاتوں کے ساتھ ساتھ شہروں میں گھروں کے باہر بندھے بکروں، چھتروں اور بڑے جانوروں کو چوری لے جاتے ہیں ۔چک نمبر 73 گ ب کے محمد نعیم کے دو بکرے’ 68 گ ب کے محمد بوٹا کی بکری’ تاندلیانوالہ کے اکبر کی حویلی سے ساڑھے تین لاکھ’ ساہیانوالہ کے علاقہ 23ج ب کے محمد حنیف کے ڈیڑھ لاکھ کے بکرے اور دیگر وارداتوں میں لاکھوں کے مویشی چور لے اُڑے۔ ذرائع کے مطابق مویشی چور گاڑیوں ، چنگ چی رکشہ پر لیکر گلی محلوں میں گھومتے رہتے ہیں اور شدید گرمی کے باعث گھروں کے باہر قربانی کے جانوروں کو گاڑیوں میں ڈال کر رفو چکر ہو جاتے ہیں اور بالخصوص دیہاتوں میں چوروں کے گروہ زمینداروں، کاشت کاروں کے ڈیروں اور حویلیوں میں گن پوائنٹ پر ملازمین کو باندھ کر لاکھوں روپے مالیت کے مویشی چھین اور چوری کرتے ہوئے مزدا ڈالے اور دیگر گاڑیوں پر لوڈ کر کے فرار ہو جاتے ہیں۔ شہریوں کی طرف سے مویشی چوری کی وارداتوں کی شکایات کرنے کے باوجود پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہ سرعام دندناتے پھرتے نظر آتے ہیں اور موقع ملتے ہی گن پوائنٹ پر شہریوں سے زیورات، نقدی، سامان اورقیمتی موبائل فونز بھی چھینتے ہیں۔ روزانہ ایک سو کے لگ بھگ وارداتوں کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار نظر آتے ہیں۔ شہری حلقوں نے آر پی او ذیشان اصغر، سی پی او صاحبزادہ بلال عمر، ایس ایس پی آپریشن عمارہ شیرازی اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ قربانی کے جانوروں کی چوری کو روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں اور مویشی منڈیوں، سیل پوائنٹس اور ان راستوں پر پولیس کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں