عید سے قبل جاری ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے

ساہیوال(بیوروچیف)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ شہر کے تین اہم بازاروں صدر بازار،پاک پتن بازاراور دیپالپور بازار میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ دوکانداروں اور خریداری کے لئے آنے والوں کی مشکلات کو ختم کیا جاسکے۔ انہوں نے بازاروں سے فش مارکیٹ کی باہر منتقلی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ مچھلی فروشوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈی جی پی ایچ اے راؤ ندیم اختر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اے سی جنرل غلام حسین بھٹی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ عید الضحیٰ سے قبل بازاروں میں جاری کام کو مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اندرون و بیرون لاری اڈوں پر صفائی کی ناقص صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے صفائی یقینی بنانے، انتظارگاہوں میں پینے کے ٹھنڈے پانی اور پنکھوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جنرل مینجر ساہیوال واٹراینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی آفتاب کو سینٹری ورکرز کی حاضری یقینی بنانے کے حوالے سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران خود فیلڈ میں نکلیں اور صفائی کی نگرانی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں رکھے گئے کوڑادان بروقت خالی کروائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں