عید میلاد النبیۖ کل،عاشقان رسول کا جوش و جذبہ قابل دید

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر )فیصل آباد سمیت ملک بھر میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کل بروز بدھ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اس دن کی مناسبت سے سیرت النبی ۖ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا، ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے۔ عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے آج شب ملک بھر کی مساجد میں میلاد اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں علما کرام نبی کریمصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالیں گے۔آمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ۖ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔آمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے فیصل آبادسمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکاء سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے، عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے، بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی انسان دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتا ہے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جشن عیدمیلادالنبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر ضلعی پولیس نے سکیورٹی وٹریفک پلان جاری کر دیا۔ 12ربیع الاول کے حوالے سے جلوس اور محافل کی سیکیورٹی کے لیے 3000 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات ہوں گے۔ ضلع میں 143جلوس اور 20محافل منعقد ہونگی۔ جلوسوں اور محافل کے شرکاء کی مکمل چیکنگ کے لیے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے، جلوسوں کے روٹس اور محافل پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں ۔ ایلیٹ فورس کی ٹیمیں اور محافظ سکواڈ جلوسوں کے ساتھ گشت کریں گی۔ سی سی ٹی وی کیمروں مدد سے جلوسوں کے روٹس کی نگرانی کی جائے گی۔ 12 ربیع الاول کے حوالہ سے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں سے تمام سکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کی جائے گی۔ ٹریفک کی روانی کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔جلوسوں اور میلاد پروگرامز کے راستوں پر گشت کے لیے ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس تھانہ یا ہیلپ لائن پر دیں۔ سی پی او تنویر حسین نے کہا کہ امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ جبکہ سی ٹی او ناصر جاوید رانا نے ضلع بھر کے ٹریفک سٹاف اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ٹریفک سرکل میں بہتر ٹریفک بہائو کے لیے متحرک ہوں، ہر شہری سے عزت و احترام اور تکریم سے پیش آیا جائے، شہری کسی بھی روڈ پر کسی بھی قسم کی ٹریفک رہنمائی یا شکایت کی صورت میں ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا واٹس ایپ نمبرز 03399991915 یا 03393391915 پر رابط کر سکتے ہیں، شہریوں کے لیے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں