عید کے دنوں میں سرگودھا کینٹ میں صفائی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے

سرگودہا(بیوروچیف)کنٹونمنٹ بورڈنے عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اوجڑیاں،نتڑیاں وغیرہ ٹھکانے لگانے اور عید کے دنوں میں کینٹ علاقہ میں صفائی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔کنٹونمنٹ ایگز یکٹو آفیسر ارسلان حیدر ہاشمی نے خصوصی صفائی مہم کا آغاز سینٹری سٹاف کو صفائی کیلئے سامان کی ترسیل اور علاقہ کینٹ کے مختلف گھروں میں جانوروں کی آلائشیں ڈالنے کیلئے بائیو ڈی گریڈ ایبل بیگز اور آگاہی پمفلٹ کی تقسیم سے کیا۔(خصوصی کیمیکل لگائے گئے ان بیگز کی خاصیت ہے کہ یہ کچھ عرصہ بعد گل سڑ جاتے ہیں اور مٹی کا حصہ بن جاتے ہیں)۔کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسرارسلان حیدر ہاشمی نے وائس پریزیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ چوہدری عمران گھمن،ممبران ظفر خان،شیخ فاروق وہرہ،آئی ٹی انچارج سعدگیلانی،سیکرٹری کنٹونمنٹ بورڈ ارشد خان،سینٹری انسپکٹر سید امجد علی،عالمگیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔جانوروں کی آلائشیں،اوجڑیاں،انتڑیاں وغیرہ ڈالنے کیلئے 20ہزار بیگ کینٹ علاقہ کے گھروں میں تقسیم کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔ عوام کی شکایات کیلئے کنٹونمنٹ دفتر میں کنٹرول روم/شکایات قائم کر دیا گیا ہے۔عید کے دنوں میں عوام ٹیلی فون نمبر 048-9230218اور موبائل نمبر 0307-6755572 پر درج کرائیں۔ 30منٹ میں ان شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کینٹ علاقہ کے رہائشی سینٹری انسپکٹر سید امجد علی0301-3077358،سینیٹری سپروائزر شوکت حسین 0300-6026281،سینیٹری سپروائزر مظہر قمر 0303-9440597،سینیٹری سپروائزر ریاض الہدی 0300-6040461 سے رابطہ کریں۔ یہ تمام افسران عید کے دنوں میں فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ تمام امور کی میں خود نگرانی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے علاقہ کینٹ کے مختلف مقامات ریسکیو 1122 آفس کے ساتھ یونیورسٹی روڈ،کوئین چوک،الف چوک،47پل،49ٹیل،طارق آباد مین روڈ پر کیمپ آفس قائم کئے گئے ہیں۔کنٹونمنٹ بورڈ کا عملہ عید الاضحی کے دنوں میں ہر وقت یہاں موجودرہے گا۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ڈالنے کیلئے بیگز بھی یہاں دستیاب ہوں گے۔کنٹونمنٹ بورڈ کا عملہ گھر گھر جا کر یہ الائشیں اٹھائے گا اور چک 48شمالی کے قریب مختص جگہ پر ٹھکانے لگائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کینٹ علاقہ پاکستان ائیر فورس بیس مصحف کی وجہ سے انتہائی حساس علاقہ ہے،علاقہ کینٹ کے رہائشی ذمہ دار شہری اور محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں،اوجڑیاں،انتڑیاں وغیرہ گلیوں اور کھلی جگہوں پر پھینکنے سے اجتناب کریں ان آلائشوں پر آنے والے کوے،گدھ اوردیگر پرندے پاکستان ائیر فورس کے قیمتی جہازوں اور ہمارے پائلٹوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں