عید کے موقع پر امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر ،سی پی او بلال عمر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عیدالاضحی کے موقع پر ضلع فیصل آباد میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اورمذہبی ہم آہنگی یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدا ر ت امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سی پی او بلال عمر، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، ضلعی افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی ایک اہم مذہبی موقع ہے جس پر امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ دشمن عناصر مذہبی منافرت اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے فضا خراب کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں مگر ہمیں اتحاد، یگانگت اور برداشت کے ذریعے ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ امن و بھائی چارے کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مدارس اور فلاحی اداروں کی جانب سے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے لئے اب تک176 سے زائد این او سی جاری کئے جا چکے ہیں اور اس سارے عمل کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عید کی نماز کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جا رہے ہیں جبکہ مساجد اور عیدگاہوں کی صفائی، روشنی اور دیگر سہولیات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے زور دیا کہ عید کے موقع پر جانوروں کی باقیات کو بروقت اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔اجلاس میں سی پی او بلال عمر نے سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی اور پولیس کی گشت بڑھا دی گئی ہے۔اجلاس کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں