غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے زندگی اجیرن ‘رات کو سونا مشکل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد بھر میں بجلی کی ٹرپنگ’ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بڑھ گیا’ لوگوں کی قیمتی الیکٹرانک اشیاء جلنے لگیں، سارا دن کام کر کے تھکاوٹ کا شکار لوگوں کیلئے رات کو آرام’ سونا بھی مشکل بن گیا’ کئی علاقوں میں پانی بھی نایاب’ عوامی سماجی حلقوں کا صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار۔ تفصیل کے مطابق سخت گرمی کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش لوگوں کے لیے ایک نیا درد سر بن گئی ہے اور کئی علاقوں میں شہریوں کیلئے پانی کا حصول بھی مشکل بن گیا ہے۔ فیصل آباد کو ٹیکسٹائل سٹی اور مانچسٹر آف پاکستان ہونے کا اعزاز حاصل ہے اس لئے یہاں پر فیکٹریوں’ ملوں اور کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کی بڑی اکثریت قیام پذیر ہے، یہ محنت کش لوگ سارا دن کام کر کے جب اپنے گھر جاتے ہیں تو ان کیلئے آرام کرنا حتیٰ کہ رات کو سونا بھی مشکل ہو جاتا ہے، بجلی کی بار بار ٹرپنگ سے لوگوں کی قیمتی الیکٹرانک اشیاء جل رہی ہیں۔ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش سے بزرگوں’ خواتین اور بچوں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔ عوامی سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی ٹرپنگ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل سے نجات حاصل ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں