غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے ڈویلپرز قانونی خامیوں کو دور کریں،ڈی جی ایف ڈی اے آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز فوری طور پر قانونی خامیوں کو دور کریں اور نادھندگان کی طرف سے بقایاجات ادا کرنے میں تاخیر نہ کی جائے بصورت دیگر وہ اس حوالے سے سرگرمیاں جاری نہیں رکھ سکیں گے اور غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف جاری آپریشن کی زد میں آئیں گے۔ انہوں نے یہ بات سمندری روڈ پر قائم کی جانے والی پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز سے میٹنگ کے دوران کہی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اسما محسن اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔میٹنگ میں سمندری روڈ، ڈجکوٹ اور سمندری سمیت مختلف ہائوسنگ سکیموں کے سترہ ڈویلپرز نے شرکت کی اور انہیں ہائوسنگ سکیموں کی منظوری کیلئے جمع کرائی گئی فائلوں میں قانونی سقم و دستاویزی خامیوں اور بقایاجات کی رقوم کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہائوسنگ سکیمز ایکٹ کی متعلقہ شقوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کی منظوری کی درخواستوں پر تیز رفتار محکمانہ کارروائی کی جا رہی ہے تاہم درخواست دھندگان کو چاہئے کہ مختلف محکموں کے این اوسی، اراضی کی ملکیت کے ثبوت ودیگر مطلوبہ دستاویزات کے علاوہ کنورژن فیس اور غیرقانونی ڈویلپمنٹ پر عائد شدہ جرمانہ جات کی رقوم فی الفور ادا کریں۔ انہوں نے بار بار نوٹسز کے باوجود عدم تعمیل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کی وبا کے خاتمے کیلئے قانون کی عملداری کو یقینی بنایاجائے گا اس سلسلے میں بھرپور آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظم ٹان پلاننگ کیلئے متعلقہ قوانین کی پابندی ناگزیر ہے اور ہائوسنگ سکیموں کے معاملات کو قانونی دائرے میں لانے کیلئے محکمانہ اقدامات میں نرمی نہیں ہوگی۔ اجلاس کے دوران لینڈ ڈویلپرز نے بقایاجات جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مطلوبہ دستاویزات کی فراہمی کیلئے شرائط کو پورا کرنے کے لئے اقدامات کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں