غیر ملکیوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرصوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نے فیصل آباد کا دورہ کیا اورکمشنر آفس میں کمشنر راجہ جہانگیر انور اور آر پی او سہیل اختر سکھیرا کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ڈی جی واسا پنجاب محمد طیب،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، سی پی او بلال عمر، ایس ایس پی آپریشن فرقان،ایم ڈی واسا ثاقب رضا،پراجیکٹ ڈائریکٹرسمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کو یقینی بنانے کا واضح حکم دیا ہے اس ضمن میں فارن فنڈڈ میگا ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سکیورٹی ترجیح ہے۔اجلاس کو غیر ملکی فنڈڈ پراجیکٹس پر سکیورٹی اقدامات بارے جامع بریفنگ بھی دی گئی۔صوبائی وزیر نے پراجیکٹ ڈائریکٹرویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پراجیکٹ وسیراں (خانوآنہ)کو پراجیکٹس پر درکار ایس اوپیز کے مطابق حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نے کمشنرآفس میں ”اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت خوش نصیب افراد سے ملاقات کی اورحکومتی سہولتوں اور مالی معاونت سے متعلق دریافت کیا۔انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو باعزت رہائش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔قرعہ اندازی کے بعد قرضہ حاصل کرنے والوں نے حکومتی اقدام کو سراہا اور کہا کہ قرضہ کی بدولت اپنا گھر بنوا کر چھت میسر آئے گی۔بعدازاں صوبائی وزیر نے سرگودھا روڈ پر زیرتعمیر گھروں کا بھی دورہ کیا اور مختلف حصے دیکھے۔انہوں نے شفافیت کو ہر قیمت پر ملحوظ خاطر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں