85

فلائی اوورعبداللہ پورکا منصوبہ 20دن میں مکمل کرلیا جائیگا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب کی خصوصی منظوری سے ایف ڈی اے کی نگرانی میں زیرتعمیر عبد اللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کی جلد تکمیل کیلئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں پاکستان ریلویز کی طر ف سے ٹرینوں کی آ مدروفت کے شیڈ ول میں تبدیلی کی منظوری حاصل ہونے کے بعد یہ منصوبہ 20 دن کے اندر مکمل کرلیاجائیگا۔یہ بات چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب گجر نے عبد اللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کی سائٹ کا معائنہ کرتے ہوئے بتائی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر اقبال ودیگر افسران کے علاوہ تعمیراتی کمپنی کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف انجینئر نے منصوبے کے تعمیرشدہ حصوں اور بقایا تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے عارضی التواء کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا بے حد احساس ہے تاہم اعلیٰ حکومتی، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ سطح پر ریلوے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور محکمہ ریلویز کو مطلوبہ فنڈز کی ادائیگی بھی ہو چکی ہے اس سلسلے میں ٹرینوں کی آ مدروفت کا تبدیل شدہ شیڈول جاری ہونے پر کلیئرنس ملنے کے بعد ریلوے لائن کے اوپر غیر تعمیر شدہ حصہ کی تیز رفتاری سے تکمیل کی جائیگی جس کیلئے تمام گرڈرز تیار ہیں جنکی تنصیب میں تاخیر نہیں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے اس میگا پراجیکٹ کی تعمیر مدت جون 2024ء مقرر ہے لیکن ایف ڈی اے نے اسے تیزرفتاری سے مکمل کرنے کا چیلنج قبول کیا اور ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے ڈبل شفٹ میں کام کرکے سرد موسم کی مشکلات کے باوجود تین ماہ کے قلیل عرصہ میں فروری تک تکمیل کے قریب تر کردیا لیکن ریلوے حکام کی طرف سے ٹرینوں کی آمدورفت کے شیڈول میں ردوبدل کا مسئلہ درپیش ہونے سے تعمیراتی تاخیر برداشت کرنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ریلوے لائن کے اوپر والے حصے کی تعمیر کے بعد فلائی اوور کی سڑک کارپٹ کردی جائیگی اور شہریوں کے استفادہ کیلئے یہ منصوبہ تیار ہوجائیگا۔ انہوں نے تعمیراتی کمپنی کے نمائندوں سے کہا کہ وہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران کی گئی کھدائی وغیرہ کو ہرلحاظ سے محفوظ بنائیں اور فالتو میٹریل/سازوسامان کو اٹھا کر جگہ کو کلیئر کریں تاکہ شہریوں کو آمدروفت میں مشکلات پیش نہ آئیں۔ انہوں نے گردوغبار کے سد باب کیلئے پانی کے چھڑکائو کو جاری اور متبادل راستوں کوصاف رکھنے کی بھی تاکید کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں