فنڈز کی قلت،آٹھویں کے صرف4مضامین کا بورڈ کا امتحان لینے پر غور

لاہور ( بیو رو چیف )آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب ایگزامینیشن کمیشن(پیکٹا)کو فنڈز کی شدید قلت کا سامنا ہے، جس کے باعث آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات میں صرف چار مضامین کے پیپرز لینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی تجویز کے تحت اردو، انگریزی، ریاضی اور سائنس کے امتحانات لیے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے پیکٹا کو ایک ارب روپے درکار ہیں، جبکہ محدود وسائل کے باعث مکمل امتحانی عمل ممکن نہیں ہو پا رہا۔ اسی سلسلے میں پیکٹا نے پنجاب حکومت سے فنڈز کی فراہمی کے لیے ورکنگ شروع کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے لیے تقریبا 50 ہزار نگران عملہ درکار ہوگا، جسے اسیسمنٹ کے عوض یومیہ معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ امتحانی عمل میں سہولت فراہم کرنے کے لیے طلبا کو کسی قسم کا داخلہ فارم جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ اسکول انفارمیشن سسٹم (SIS) پر رجسٹرڈ تمام طلبا کو خودکار طور پر رول نمبر سلپس جاری کر دی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں آٹھویں جماعت کے رجسٹرڈ طلبا کی تعداد 10 لاکھ سے زائد ہے، جن کے لیے امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ جلد متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں