فوتگی پر فیصل آباد آئے 3نوجوان نہر میں ڈوب کر جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ سمندری روڈ پر ناولٹی پل کے قریب بالمقابل یورو پٹرول پمپ فوتگی پر آئے تین نوعمر لڑکے نہر میں نہانے کے دوران رسہ ٹوٹنے سے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ چوتھے کو بچا لیا گیا، نعشیں گھر پہنچنے پر ایک دفعہ پھر صف ماتم بچھ گئے، علاقہ کی فضاء سوگوار ہو گئی، پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ شالیمار ٹائون لاہور کا 17سالہ عاصم ولد مبارک علی’ رائیونڈ لاہور کا 22سالہ عمیر ولد عمر’ لاہور رائیونڈ کا عادل ولد احمد عزیز کی فوتگی پر مومن آباد کے عدنان ولد فیاض کے گھر آئے، گزشتہ روز شدید گرمی کی وجہ سے انہوں نے نہر میں نہانے کا پروگرام بنایا اور وہ اپنے والدین کے ہمراہ سمندری روڈ پر یورو پٹرول پمپ کے سامنے نہر میں نہانے کیلئے آئے، نہر میں رسہ باندھ کر نہا رہے تھے کہ اچانک رسہ ٹوٹنے سے چاروں نوجوان نہر میں ڈوب گئے وہاں پر موجود دیگر افراد نے شور مچایا اور نہر میں ڈوبنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو1122 کی ٹیموں نے 22سالہ عمیر ولد عمر سکنہ رائیونڈ لاہور’ 17سالہ عاصم ولد مبارک سکنہ شالیمار ٹائون لاہور’ 17سالہ عدنان ولد فیاض سکنہ مومن آباد کو نہر سے باہر نکالا تو وہ تینوں دم توڑ چکے تھے۔ تاہم چوتھے 15سالہ عادل ولد احمد سکنہ رائیونڈ لاہور کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں اسکی حالت بہتر بیان کی جاتی ہے۔ تاہم واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل بٹالہ کالونی’ ایس ایچ او تھانہ ڈی ٹائپ کالونی سمیت پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی کے بعد نعشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا۔ نعشیں گھر پہنچی تو علاقہ میں کہرام مچ گیا اور فوتگی والے گھر ایک دفعہ پھر صف ماتم بچھ گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں