فیسکو افسران کی غفلت،بجلی کے لٹکتے تار شہریوں کیلئے خطرہ بن گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے 8بازاروں سمیت شہر بھر کی مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں بجلی کے لٹکتے تار لوگوں کیلئے شدید خطرہ بن گئے، شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کے واقعات میں جانی ومالی نقصانات’ وولٹیج کی کمی’ بیشی کی شکایات بھی بڑھ گئیں’ اتنی مہنگی بجلی مگر سروسز سے لوگ غیر مطمئن’ چند دن قبل یارن مارکیٹ میں آتشزدگی سے 1شخص کی موت اور لاکھوں کا نقصان بھی فیسکو حکام کو خواب غفلت سے بیدار نہ کر سکا، ایسے واقعات پیش آنے پر فیسکو چیف’ متعلقہ ایکسیئن اور ایس ڈی او کیخلاف کارروائی کی جائے، عوامی مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق ملک کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد کے بازاروں’ مارکیٹوں’ رہائشی کالونیوں اور گلی محلوں میں بجلی کے لٹکتے تار لوگوں کیلئے شدید خطرہ بن چکے ہیں، شارٹ سرکٹ کے واقعات کا ایک بڑا سبب بجلی کے ان لٹکتے تاروں کو قرار دیا جاتا ہے، فیصل آباد کے کئی علاقوں میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں جن میں جانی ومالی نقصانات کا سامنا بھی کرنا پڑا مگر یہ حقیقت بڑی کربناک ہے کہ اس کے باوجود شہر بھر میں بجلی کے لٹکتی تار جوں کی توں نظر آتے ہیں، چند دن قبل یارن مارکیٹ فیصل آباد میں آتشزدگی سے 1شخص کی موت اور لاکھوں روپے کا نقصان بھی فیسکو حکام کو خواب غفلت سے بیدار نہیں کر سکا، بجلی کی لٹکتی تاریں لوگوں کی جان ومال کیلئے شدید خطرہ ہیں۔ مگر فیسکو حکام نے بجلی کی لٹکتی تاروں کا مسئلہ ابھی تک حل نہ کیا ہے، اتنی مہنگی سروسز کے باوجود لوگوں کا غیر مطمئن ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ عوامی’ سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد بھر میں بجلی کے لٹکتے تاروں کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے اور اگر کہیں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کا واقعہ پیش آ جائے تو فیسکو چیف’ متعلقہ ایکسیئن اور SDO کیخلاف کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں