فیسکو اور واسا بارش کے دوران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں آج دوسرے روز صبح سویرے بارش نے جل تھل کر دیا، نشیبی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہر کے مرکزی علاقوں اور معروف شاہراہوں پر بارش’ پانی جمع’ بارش کیساتھ بجلی بند ہونے سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گئی، دعوئوں کے باوجود محکمہ واسا اور فیسکو عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں آج دوسرے روز بھی صبح سویرے موسلادھار بارش نے جل تھل کر دیا، شہر کی اہم شاہراہوں سمندری روڈ’ پیپلزکالونی’ غلام محمد آباد’ گلستان کالونی’ مدینہ ٹائون کیساتھ ساتھ نشیبی علاقوں میں جگہ جگہ بارشی پانی کھڑا ہونے سے لوگوں کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ابھی واسا کی طرف سے گزشتہ روز ہونے والی بارش کا پانی نکالا نہ جا سکا تھا کہ آج دوسرے روز بھی بارش ہو گئی’ گلی’ محلوں میں بارش کے ساتھ ساتھ گٹروں کا گندا پانی ابلنے لگا’ وہاں پر تعفن پھیل گیا۔ جبکہ دوسری طرف بارش شروع ہونے پر شہر کے اکثر علاقوں کی بجلی بند ہو گئی، کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی۔ جسکی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا’ شہر میں جگہ جگہ بارشی پانی جمع ہونے اور بجلی کی بندش کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا۔ محکمہ واسا اور فیسکو کے دعوئوں کی قلعی کھل گئی اور واسا کی طرف سے فیلڈ سٹاف متحرک ہونے کے باوجود تاحال اکثر علاقوں سے بارشی پانی نکالا نہ جا سکا اور دونوں محکمے دعوئوں کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام۔ شہری حلقوں کا ارباب اختیار سے فوری نوٹس لیتے ہوئے محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں