فیسکو کی نااہلی،8بازاروں میں بجلی کے لٹکتے تار شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملک کے دوسرے بڑے صنعتی شہر کے مرکز چوک گھنٹہ اور اس کے ملحقہ8بازاروں میں فیسکو حکام کی نااہلی کے باعث بے ہنگم’ بجلی کے لٹکتے تار حادثات کا باعث بننے لگے بلکہ لٹکتے تاروں کی وجہ سے شارٹ سرکٹ ہونے سے آگ لگنے کے واقعات میں متعدد قیمتی جانیں ضائع اور کروڑوں روپے کا مالی نقصان بھی ہو چکا ہے، ضلعی انتظامیہ بھی فیسکو حکام سے بجلی کے تاروں کو انڈر گرائونڈ کروانے میں ناکام ہو گئی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز بھی امین پور بازار میں بے ترتیب لٹکتے اور بے ہنگم بجلی کے تاروں میں شارٹ سرکٹ کے باعث پلازہ میں آگ بھڑک اُٹھی’ دھواں اٹھتا دیکھ کر پلازہ میں موجود افراد اور پلازہ کے باہر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔ تاہم ریسکیو1122 کے فائر فائٹر عملہ نے بروقت موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، تاہم فیسکو عملہ موقع پر نہ پہنچ سکا۔ یاد رہے کہ ماضی میں بھی منٹگمری بازار سوترمنڈی میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے سات افراد اور چند ماہ قبل کارخانہ بازار میں آگ لگنے سے شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں اور آگ لگنے سے شہریوں کی کروڑوں روپے مالیت کا سامان بھی جل گیا تھا۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ فیسکو کی جانب سے ہر ماہ بجلی کے بل تو ارسال کر دیئے جاتے ہیں لیکن بجلی کے تاروں کی درستگی میں فیسکو حکام نے چپ سادھ رکھی ہے۔ ایک ہی پول سے سینکڑوں بجلی کے کنکشن ہونے سے شہریوں بلکہ فیسکو عملہ کو بھی معلوم نہیں کہ کونسی تار، کونسی دکان یا گھر کو بجلی فراہم کر رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ بھی بلند وباغ دعوئوں کے باوجود فیسکو کے نااہل عملہ سے بجلی کے تاروں کو شہر کے آٹھ بازاروں کو انڈر گرائونڈ کروانے میں بری طرح ناکام نظر آتی ہے۔ 8بازاروں کے تاجروں اور شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف’ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ فیسکو چیف سمیت ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے 8بازاروں میں بجلی کے تاروں کو انڈر گرائونڈ کیا جائے تاکہ شہری کسی بھی بڑے حادثہ سے محفوظ رہ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں