فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ماہ جون کے دوران فیصل آباد میں مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 533 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، ریسکیو1122 ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران 16487 کالز موصول ہوئیں۔ جن میں ٹریفک حادثات کی 2325′ آگ لگنے کے 200′ ڈوبنے کے 14′ عمارتیں گرنے کے 1413′ قتل’ اقدام قتل’ خودکشی’ لڑائی جھگڑے کے 263اور دیگر 1413 واقعات رونما ہوئے۔ جس پر ریسکیو1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 16483متاثرین کو ریسکیو کرتے ہوئے 10623 افراد کو موقع پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے 5311 افراد کو تشویشناک حالت میں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ اس دوران مجموعی طور پر 533 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ علاوہ ازیں ریسکیو1122 کی ٹیموں نے انسانی خدمت کے ساتھ ساتھ 102 پرندوں اور جانوروں کو بھی ریسکیو کیا اور حکومت پنجاب کی ہدایت پر مختلف سرکاری ہسپتالوں سے 110 میتوں کو ان کے گھروں تک منتقل کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے شدید گرمی کی موجودہ لہر کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ احتیاط ہی ہیٹ ویو سے بچائو کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل بڑھتا ہوا درجہ حرارت انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے بلا ضرورت دھوپ میں جانے سے گریز کریں، جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں، زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں و بیمار افراد کو ٹھنڈی اور محفوظ جگہ پر رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی شخص میں لو لگنے یا طبی ایمرجنسی کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر ریسکیو 1122سے رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔




