فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک امتحانات شروع

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام آج سے میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع ہو گئے، کنٹرولر امتحانات فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے مطابق میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026ء کو شفاف بنانے کیلئے امتحانی سنٹرز میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ وزیر تعلیم پنجاب وچیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس رانا سکندر حیات اور کمشنر وچیئرمین تعلیمی بورڈ راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر امتحانی سنٹر میں کسی بھی قسم کے ناجائز ذرائع استعمال کرنے’ سوالیہ پیپر یا امتحانی میٹریل چرانے اور امتحانی عمل میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چنانچہ تمام امیدواران’ والدین’ اساتذہ اور امتحانی عملہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی امیدوار نقل کا مواد’ اینڈرائیڈ گھڑی یا کسی قسم کی الیکٹرانک ڈیوائس اپنے پاس نہ رکھے اور امیدوار کی تصویر اور ڈیٹا چیک کیا جائے۔ امیدوار کی جگہ امتحان دینے والے کو فوری گرفتار کر کے اس کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض حساس سنٹرز پر بائیومیٹرک ڈیوائس کے ذریعے حاضری ہو گی۔ لہٰذا امیدوار پیپر شروع ہونے سے قبل امتحانی سنٹر پہنچیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں