فیصل آباد سمیت ملک بھر میں ریلوے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جائیگا،حنیف عباسی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کی تاریخی عمارت کی بحالی کیلئے بزنس کمیونٹی اور خاص طور پر ستارہ گروپ کے میاں محمد ادریس نے کلیدی کردار ادا کیا ہے جس کیلئے وہ اُن کے ذاتی طور پر شکرگزار ہیں۔ یہ بات ریلوے کے وفاقی وزیر حنیف عباسی نے تزئین وآرائش کے بعد ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے پاکستان ریلوے کو منافع بخش بنانے کے سلسلہ میں کی جانے والی کوششوں بارے آگاہ کیا اور کہا کہ میاں محمد ادریس سے اُن کے تعلقات 30 سے 35سال پرانے ہیں۔ اُن کے خاندان نے ہمیشہ فیصل آباد کی ترقی کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ اس موقع پر میاں محمد ادریس’ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ اور اعجاز حسین کے علاوہ شہر کی ممتاز سیاسی اور اعلیٰ انتظامی شخصیات بھی موجود تھیں۔فیصل آباد پریس کلب کے سابق صدر اور سینئر صحافی مقبول احمد لودھی نے بھی وفاقی وزیر سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں فیصل آباد کے عوام کی ریلوے سے متعلق توقعات اور مسائل سے آگاہ کیا۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ فیصل آباد سمیت ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جدید سہولیات سے آراستہ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن نہ صرف مسافروں کو آرام دہ ماحول فراہم کرے گا بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے کے ڈھانچے کی بہتری کے لیے جامع اصلاحاتی پروگرام پر کام جاری ہے، جس کے تحت ٹرینوں کی رفتار، وقت کی پابندی اور سروس کے معیار میں واضح بہتری لائی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں پر عملی اقدامات کر رہی ہے اور ریلوے کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کو بھی خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فیصل آباد سمیت پورے ملک میں ریلوے کے پرانے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جائے گا تاکہ قومی ادارہ اپنے سنہری دور کی بحالی کی جانب گامزن ہو سکے۔اس موقع پر مقبول احمد لودھی نے کہا کہ فیصل آباد کے شہری ریلوے کی ترقی کو خوش آئند قرار دیتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وفاقی وزیر کے اقدامات سے ریلوے سروس میں دیرپا بہتری آئے گی۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے اسٹیشن کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور مسافروں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں